عظمیٰ نیوز سروس
بارہمولہ// ڈسٹرکٹ کنزیومر ڈسپیوٹ ریڈریسل کمیشن (ڈی سی ڈی آر سی) بارہمولہ اوربانڈی پورہ نے پی ڈی ڈی بارہمولہ پر30ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا۔کمیشن میں ایک صارف کی طرف سے شکایت درج کی گئی تھی کہ ان کے بجلی کنکشن کیلئے ان سے بھاری رقم وصول کی گئی ۔شکایت میں کہا گیا تھا کہ محکمہ نے ایک کنکشن کیلئے دو کنزیومر آئی ڈی تیار کیے تھے، جس کے نتیجے میں بلنگ میں اضافہ ہوا تھا۔ شکایت کنندہ کی جانب سے سرکاری چینلز کے ذریعے غلطی کو دور کرنے کی پیشگی کوششوں کے باوجود حکام کوئی حل فراہم کرنے میں ناکام رہے۔شکایت موصول ہونے پر ڈی سی ڈی آر سی نے کمیشن کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے پیرزادہ کوثر حسین کی قیادت میں فوری طور پر نوٹس لیا ۔اس مکمل کارروائی میں متعلقہ حکام کو نگرانی کیلئے مجرم پایا۔ نتیجے کے طور پر کمیشن نے اہلکاروں کو لاپرواہی کیلئے جوابدہ ٹھہرایا اور 30000 روپے کا جرمانہ عائد کیا۔یہ رقم شکایت کنندہ کو ہونے والی پریشانی اور ذہنی پریشانی کے معاوضہ کی نشاندہی کرتی ہے اور اہلکاروں کی تنخواہوں سے کٹوتی کی جائے گی۔