سرینگر//پی ڈی پی کے سینئر لیڈر اور سابق ایم ایل سی خورشید عالم نے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دیا ہے ۔محمد خورشید عالم ، جو سابق ٹریڈ یونین لیڈر ہیں،پارٹی کے ضلع صدر سرینگر اور ممبر قانون ساز کونسل بھی رہے ہیں۔انہیں چند روز قبل پارٹی کی سیاسی امور سے متعلق فیصلہ ساز کمیٹی کے رکن کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔خورشید عالم کا استعفیٰ پارٹی کیلئے یقینا ایک دھچکا ہے جس کی سرینگر ضلع میں ایک اچھی خاصی حامیوں کی تعداد ہے۔ خورشید عالم نے کہا ’’میں نے یہ فیصلہ پارٹی کے ساتھ اختلاف رائے کی وجہ سے لیا ہے اور میں پارٹی کے ایجنڈہ، حکمت عملی اور سیاسی ویژن سے بھی متفق نہیں تھا"۔انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال کسی دوسری پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا کوئی ارادہ بھی نہیں ہے۔ادھر پارٹی کے ایک اور سابق قانون ساز کونسل ممبر یاسر ریشی، جو بعد میں باغی ہوگیا تھا،بھی اتوار کے روز پارٹی سے مستعفی ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ ’’میں نے باضابط طور پرپارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دیا ہے ۔‘‘۔یاسر نے کہا انہوں نے دو سال پہلے ہی پارٹی سے دوری اختیار کی تھی تاہم آج باضابطہ طور اپنا استعفیٰ پیش کیا ہے ۔