سرینگر//پی ڈی پی کے پلوامہ ضلع صدر عبدالغنی ڈار( وکیل ) کی ہلاکت پر وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب درابو،وزیر زراعت غلام نبی لون ہانجورہ ، قانون انصاف کے وزیر عبدالحق خان اور جنگلات و ماحولیات کے وزیر مملکت میر ظہور احمد نے گہرے دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ڈاکٹر حسیب درابو نے کہا کہ معصوموں کا خون بہانا نہ صرف ایک پاگل پن ہے بلکہ ایک ایسی غیر انسانی حرکت ہے جو کشمیر کو نگل لے گی ۔ ڈاکٹر درابو نے کہا ” عبدالغنی وکیل کی بہیمانہ ہلاکت پر اپنے رنج و غم کے اظہار کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں “۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک بہترین انسان تھے جو لوگوں کو درپیش عام مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ تیار رہتے تھے ۔وزیر زراعت غلام نبی لون ہانجورہ ، قانون انصاف کے وزیر عبدالحق خان اور جنگلات و ماحولیات کے وزیر مملکت میر ظہور احمد نے الگ الگ تعزیتی پیغامات میںدُکھ اور صدمے ا اظہار کیا ہے ۔ سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان لیڈروں نے مرحوم ڈار کو ایک قابل سیاسی کارکن قرار دیا ۔نیشنل کانفرنس ترجمان جنید عظیم متو نے سوگوار خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی بے گناہ انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے ۔ مہذب اقوام میں ایسے واقعات کی کوئی جگہ نہیں، ایسے واقعات جمہوری اور انسانی قدروں کے منافی ہے۔ سبھی لیڈروں نے مرحوم کی روح کے ابدی سکون اور ان کے سوگواروں کو غم و اندوہ کی اس گھڑی میں ہمت عطا کرنے کی اللہ تعالیٰ سے دعا کی ۔