ڈوڈہ//پی ڈی پی کے ضلع صدر شہاب الحق بٹ نے ڈوڈہ کی کوٹی پنچائت کا دورہ کر کے عوامی شکایات کو سُنا اور لوگوں سے انفرادی اور اجتماعی ملاقاتیں کر کے اُن کو درپیش مسائل اور مشکلات بارے تفصیلی جانکاری حاصل کی۔اس دوران پارٹی کے متعدد سینئر کارکنان اور یوتھ لیڈران بھی اُن کے ہمراہ تھے۔یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ دورے کے دوران مختلف وفود نے پارٹی ضلع صدر سے ملاقاتیں کر کے اپنے اپنے علاقہ و دیہات کے مسائل کو اُجاگر کیا اور اُن سے اپیل کی کہ وہ اپنے اثر رسوخ کا استعمال کر کے اُن کے مسائل کا ازالہ کروانے کی کوشش کریں۔لوگوں نے شہاب الحق کو بتایا کہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی، محکمہ بجلی اور محکمہ آب رسانی کی کارکردگی علاقہ میں صفر کے برابر ہے جس وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بیولی تا کوٹی سڑک کی حالت انتہائی خستہ اور باعثِ تشویش ہے اور اس سڑک سے گاڑیوں پر سفر کرنا جان جوکھم میں ڈالنے کے مترادف ہے۔مسافر جان ہتھیلیوں میں رکھ کر اس سڑک پر سفر کرتے ہیں اور اُن پر پورے سفر کے دوران یہ خوف طاری رہتا ہے کہ نہ جانے کب کیا ہو۔ جن لوگوں کی زمین سرک کی تعمیر کی زد میں آئی ہے اُنہوں نے شکایت کی کہ اُن کو ابھی تک معاوضہ فراہم نہیں کیا گیا ہے جب کہ اُن کے باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔حفاظتی دیواریں جو تعمیر کی گئی تھیں وہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو کر منہدم ہو رہی ہیں ۔ گاوں کے اندر منریگا کے تحت زمینی سطح پر کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے بلکہ کام کے نام پر صرف خرد بُرد ہی ہوا ہے ۔ بجلی کی سپلائی انتہائی ناقص ہے اور لوگ بار بار کی کٹوتی سے سخت پریشان ہیں۔ بجلی کی ترسیلی لائنیں درختوں کے ساتھ باندھی گئی ہیں اور اُن میں بھی باڑ بندی کے لئے استعمال کی جانی والی خاردار تاروں کا استعمال کیا گیا ہے جس وجہ سے کسی بھی وقت کوئی نا سازگار واقعہ پیش آ سکتا ہے۔پینے کے پانی کی ترسیل کا نظام درہم برہم ہے اور لوگ سخت مشکلات کا شکار ہیں۔ مندرانہ کلوہانڈ اسکیم ناکارہ ہو گئی ہے لیکن انتظامیہ اِس طرف توجہ نہیں دے رہی ہے ۔شہاب الحق بٹ نے لوگوں کے مسائل کو بغور سُنا اور اُنہیں یقین دلایا کہ وہ اُن کے مسائل کو حکومت اور انتظامیہ کی نوٹس میں لا کر حل کروانے کی کوشش کریں گے۔اس موقع پر اُنہوں نے سابقہ ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اُس کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ ابھی تک لوگوں کو اُٹھانا پڑ رہا ہے جب کہ موجودہ حکومت عوام کی فلاح اور بہبود کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل کے حل کے لئے پُر عزم ہے اور محبوبہ مفتی کی قیادت میں حکومت وہ ہر ممکن قدم اُٹھا رہی ہے جس سے عوام کو راحت اور سہولیات فراہم ہوں۔اس موقع پرفرید احمد خان ، سجاد حسین کھوکھر، گلاب دین بٹ ، عنایت اﷲ،یاسرحسین اوربشیر احمد نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔