جموں//پی ڈی پی ضلع ڈوڈہ کے نو نامزد شدہ صدرشہاب الحق نے گزشتہ روز پارٹی صدر اور وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی۔ پریس کے لئے جاری ایک ریلیز میں کہا گیا ہے کہ شہاب نے جہاں ایک بار پھر پارٹی کا ضلع صدر نامزد کرنے کے لئے ممنونیت کا اظہار کیا وہیں انہوں نے وزیر اعلیٰ کی طرف سے ڈوڈہ میں لگائے گئے عوامی دربار کے دوران لوگوں کی طر ف سے پیش کئے گئے مطالبات کو پورا کرنے کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے کئی تاریخی قدم اٹھائے جا رہے ہیں جنہیں ریاستی عوام، بالخصوص چناب خطہ کے لوگ کئی دہائیوں تک یاد رکھیں گے۔ انہوں نے پارٹی کی طرف سے سونپی گئی ذمہ داری کو نبھانے کی ہر ممکن کوشش کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی کو چناب خطہ میں عوامی اعتماد حاصل ہو رہا ہے ۔ انہوں نے علاقہ کے دیگر کئی مسائل کے بارے میں وزیر اعلیٰ کو بتایا اور تنظیمی امور پر بھی بات چیت کی۔