ٌمہور//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ریاست کے تمام نظر انداز اور دور افتادہ علاقہ جات کی کلہم ترقی کو یقینی بنانے کیلئے وعدہ بند ہے ۔ ان خیالا ت کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کے سینئر نائب صدر محمد سرتاج مدنی نے ہفتہ کے روز کہا کہ مہور کو ریاست کے ترقیاتی نقشہ پر لانے کے لئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ ضلع ریاسی کے دورہ کے دورن مہور میں منعقدہ پارٹی ورکروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مدنی نے بتایا کہ پی ڈی پی سرکا ردیہات میں بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی اور مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دستیاب کروانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے ۔ مدنی نے کہا کہ پی ڈی پی نے 2002-2005کے دوران برا سر اقتدار رہتے ہوئے مہور جیسے پہاڑی علاقوں کے لوگوں کو خوف و ہراس کے ماحول سے نکال کر ان میں تحفظ کا احساس پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا اور اب مہور میں مختلف محکمہ جات کے توسط سے کئی ترقیاتی منصوبے عملائے جا رہے ہیں ۔ علاقہ کو خطہ پیر پنچال اور وادی چناب کے ساتھ جوڑنے والے روابط کو بہتر بنایا جا رہا ہے ، بالخصوص گلاب گڑھ روڈ اس علاقہ کی تعمیر و ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگی۔ پی ڈی پی نائب صدر نے کہا کہ ضلع ریاسی جموں خطہ میں تاریخی اہمیت کا حامل رہا ہے اور پی ڈی پی اس کی شان رفتہ کو بحال کرنے کے ئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سلال ڈیم میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے متعدد تجاویز زیر غور ہیں تا کہ روزگار کے مزید مواقع پیدا ہو سکیں جس سے لوگوں کی معاشی حالت میں سدھار ہوگا ۔دریائے چناب کو ضلع کے لئے سونے کی کان قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آبی وسائل کو بروئے کار لانے کے لئے تما م تر اقدامات کئے جائیں گے تا کہ اس سے عام لوگوں کو بھی فائدہ پہنچے۔اس موقع پر کانگریس اور نیشنل کانفرنس سے تعلق رکھنے والے سیاسی کارکنوں نے پی ڈی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سرتاج مدنی نے ان کا پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ ان کے شامل ہونے سے علاقہ میں پی ڈی پی کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔ دیہی ترقیات کے وزیر عبدالحق خان نے سب ڈویژن مہور اور آس پاس کے علاقہ میں محکمہ کی طرف سے کی جانے والی ترقیاتی سرگرمیوں کی تفصیل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ان کے فوائد عام آدمی تک پہنچانے کے لئے ایک حکمت عملی بنا رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ دیہی ترقیات جہاں بنیادی ڈھانچے کی جدید کاری کے لئے کام کر رہا ہے وہیں دیہاتی اور پسماندہ علاقہ جات سے غریبی کے خاتمہ پر بھی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے ۔ ضلع صدر ریاسی شفیق الرحمان نے اپنے خطاب میں امید ظاہر کی کہ خطہ میں پی ڈی پی آنے والے دنوں میں مزید پھلے پھولے گی کیوں کہ اب لوگوں کو اس بات کا احساس ہو گیا ہے کہ یہی واحد وہ جماعت ہے جس نے عام آدمی کو حکومت اور سیاست میں شراکت دار بنایا ہے ۔ اجلاس سے خطاب کرنے والوں میں سابق ایم ایل سی اصغر علی، سینئر لیڈران کابلہ سنگھ، چندر موہن او ر دیگران بھی شامل تھے۔