ڈوڈہ//پی ڈی پی بلاک جکیاس کی ایک میٹنگ پارٹی کے بلاک صدر تنویر احمد گنائی کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں بھلیسہ کو بھدرواہ اے ڈی سی دفتر سے منسلک کرنے کے حکومتی فیصلے کی شدید مذمت کی گئی اور بھلیسہ میں الگ سے اے ڈی سی کے دفتر کا قیام مطالبہ کیا گیا۔اس موقع پر تنویر گنائی سمیت مختلف مقررین نے کہا کہ ہمیں بھدرواہ کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کا درجہ دینے پر کوئی اعتراض نہیں مگر بھلیسہ کو بھدرواہ کے ساتھ منسلک کرنے کے فیصلہ کو ہم کسی بھی صورت میں قبول نہیں کر سکتے کیوں کہ بھدرواہ پہنچنے کے لئے اہلیانِ بھلیسہ کو 90 سے 120کلومیٹر کا سفر کرنا پڑتا ہے۔ مقررین نے حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر اس فیصلے کو فوری طور منسوخ نہ کیا تو پی ڈی پی کارکنان عوام کو ساتھ لے کر سڑکوں پر آ جائیں گے کیوں کہ یہ فیصلہ ہماری نسلوں تک پر اثر انداز ہو گا اور ہمارے ترقی کے راستے بند ہوں گے نیز اس سے بھلیسہ میں پی ڈی پی کارکنان کی محنت پر پانی پھر جائے گا اور پارٹی کو بہت نقصان ہو گا۔اُنہوں نے کہا کہ اگر حکومت بھلیسہ کو فوری طور پہاڑی ضلع کا درجہ نہیں دے سکتی یا بھلیسہ کے لئے الگ اے ڈی سی دفتر کا قیام عمل میں نہیں لا سکتی تو کم سے کم اُنہیں بھدرواہ سے کاٹ کر ڈوڈہ کے ساتھ ہی رکھا جائے اور اُن کے لئے سہولیات کی بجائے مزید پریشانیاں اور مشکلات پیدا نہ کی جائیں۔ اُنہوں نے ریاستی وزیرِ الیٰ محبوبہ مفتی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملہ میں ذاتی مداخلت کر کے اس فیصلے کو منسوخ کریں اور بھلیسہ میں الگ اے ڈی سی دفتر کے قیام تک بھلیسہ کو ڈوڈہ کے ساتھ ہی رکھا جائے۔میٹنگ میں مشتاق احمد متو،وسیم ٹاک،برکت علی بٹ،شیتل کوتوال،امتیز وانی،عاشق حسین گنائی اور طالب حسین نیائک کے علاوہ متدد دیگر پارٹی کارکنان بھی موجود تھے۔