سرینگر// نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پی ڈی پی اور بھاجپا کی مخلوط حکومت نے ریاست تباہی اور بابردی کے دہانے پر لا کھڑا کیا اور آج یہاں کے بدترین حالات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔ پی ڈی پی کی دوغلی پالیسی اور لوگوں کے منڈیٹ کیساتھ کھلواڑ کو حالات کی خرابی کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر کمال نے کہا کہ قلم دوات جماعت ہر اُس وعدے سے مُکر گئی جس انہوں نے عوام کیساتھ کئے تھے اور یہ جماعت عملی طور پر بھاجپا کی لونڈی بن کر رہ گئی۔ حکومت سنبھالتے ہی پی ڈی پی نے بھاجپا کے سامنے اس معاملے میں گھٹنے ٹیک کر ریاست کے اپنے پرچم کے تقدس کو پامال کیا اور حکومت زمین بوس ہونے تک قلم دوات جماعت والے بی جے پی کے اشاروں پر ناچتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ساڑھے 3سال میں دفعہ370کو زبردست نقصان پہنچایا گیا، جی ایس ٹی کا اطلاق عمل میں ریاست کی اقتصادی خودمختاری کو تہیہ تیغ کردیا اور فوڈ سیکورٹی ایکٹ کے علاوہ مزید متعدد مرکزی قوانین کو ریاست پر نافذ کرکے ریاست کی خودمختاری کو زک پہنچایا۔