سرینگر/ /نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر خزانہ عبدالرحیم راتھر نے موجودہ پی ڈی پی بھاجپا مخلوط اتحاد کو جموں وکشمیر کے مفادات کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دونوں جماعتیں اپنے حقیر مفادات کیلئے ریاست کو حاصل خصوصی آئینی اور جمہوری مراعات کو ختم کرنے کیلئے تباہ کن سیاست میں مصروف ہیں۔ حلقہ انتخاب چرار شریف کے 3روزہ دورے کے آخری روز لولی پورہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ اقتصادی بدحالی ، سیاسی اور انتظامی انتشار و خلفشار مخلوط حکومت کی حصولیابیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی کا اطلاق جموں وکشمیر کے اقتصادی بحران پر ایک اور کاری ضرب ثابت ہوا ہے ، جس کی پیشگوئی نیشنل کانفرنس اور اس کی قیادت نے یہ قانون لاگوہونے سے قبل ہی کی تھی ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت عوام کو سب سے سنگین مسئلہ بجلی کی صورت میں درپیش ہے کیونکہ بجلی کا کہیں نام و نشان نہیںجبکہ الیکشن سے قبل عوام کو 24گھنٹے بجلی کی فراہمی کے وعدے کئے گئے تھے۔