سرینگر// کانگریس کے سینئر لیڈر تاج محی الدین نے مخلوط حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ عوام میں پائی جارہی بداعتمادی حکومت کی ناکامی کی اصل وجہ ہے۔تاج محی الدین نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں عوام کے جائز مطالبات اور مشکلات سے موجودہ مخلوط حکومت آنکھیں چرا رہی ہے جس کی وجہ سے عوام کے اندر دن بہ دن بداعتمادی پروان چڑھ رہی ہے۔ پارم پلہ اوڑی میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران کانگریس لیڈر نے علاقہ میں تعمیری و ترقی کے حوالے سے کوئی قابل قدرکام نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ کانگریس کے سابق دور میں ترقیاتی کاموں کوفراموش کرکے طاق نسیان پر رکھ دیا گیا ہے۔ انہوں نے مخلوط حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو ترقی کے پرفریب نعروں میں پھنسا کر گمراہ کررہی ہے جبکہ زمینی سطح پر کہیں بھی ترقی کا نام و نشان دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ کانگریس لیڈر نے ریاست میں جاری قتل و غارت گری پر پی ڈی پی کو براہ راست ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ اس جماعت نے اپنے ماضی کے تمام وعدوں سے انحراف کیا اور عوام کی خواہشات کو پائوں تلے کچل ڈالا۔