جاوید اقبال
مینڈھر// سنیچر وار کے روز پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ٹیموں نے کالابن علاقے کا دورہ کیا، جہاں گزشتہ سات روز سے زمین دھنسنے اور مسلسل سلائیڈنگ کے نتیجے میں مقامی آبادی شدید متاثر ہے۔ اب تک 41 کے قریب مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں، جب کہ 70 سے زائد مکان لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں ہیں۔ اس قدرتی آفت میں تین سرکاری اسکول، دو مسجدیں اور تین قبرستان بھی مکمل طور پر متاثر ہو گئے ہیں۔انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سینکڑوں افراد کو علاقہ بدر کر کے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے، جب کہ نقل مکانی کا سلسلہ تاحال جاری ہے تاکہ کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔پی ڈی پی کی ٹیم کی قیادت سابقہ ایم ایل سی محمد رشید قریشی نے کی۔ اْنہوں نے متاثرہ خاندانوں میں راشن تقسیم کیا اور اْنہیں یقین دلایا کہ پی ڈی پی ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ اْن کے ہمراہ پارٹی زونل صدر خورشید احمد خان اور سینئر لیڈر مصطفی صابر بھی موجود تھے۔ رشید قریشی نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لئے ضلعی و تحصیل انتظامیہ سے مسلسل رابطہ قائم ہے اور ضرورت پڑنے پر گورنر سے بھی ملاقات کی جائے گی۔ اْنہوں نے انتظامیہ اور پولیس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ادارے دن رات عوام کے شانہ بشانہ کام کر رہے ہیں۔دوسری جانب بی جے پی کے کالابن، چترال اور منکوٹ منڈل پردھان نے بھی علاقے کا دورہ کر کے متاثرہ افراد سے ملاقات کی۔ اْنہوں نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی کہ مرکزی حکومت سے بات کر کے بھرپور امداد فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔کالابن کے مکین اس مشکل گھڑی میں سیاسی و سماجی تنظیموں اور انتظامیہ کی توجہ اور عملی تعاون کو اپنی بحالی کے لئے ناگزیر قرار دے رہے ہیں۔