سرینگر//نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈراور سابق اسپیکرایڈوکیٹ محمد اکبر لون نے کہا ہے کہ کشمیر دشمن عناصر جموں وکشمیر میں پی ڈی پی کے ذریعے اپنا ایجنڈا چلا رہے ہیں اور یہ عناصر اپنے منصوبوں میں کافی حد تک کامیاب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے پی ڈی پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ جی ایس ٹی کے اطلاق سے لیکر فرقہ پرستی کو عروج بخشنے تک اس حکومت نے تن دہی کے ساتھ آر ایس ایس کے خاکوں میں رنگ بھرا۔ممبراسمبلی سوناواری ایڈوکیٹ لون شمالی کشمیر کے پارٹی عہدیداران کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میںخون خرابہ جاری ہے اورعوام خوف و دہشت کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ جہاں جموں و کشمیر مالی خودمختاری سے محروم ہوگیا وہیں فرقہ پرستی عروج پر ہے اور صدیوں کے آپسی بھائی چارہ اور ہم آہنگی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔لون نے کہا کہ اگرچہ پی ڈی پی اور بھاجپا عوام کو گمراہ کرنے کیلئے متضاد بیانات دیتے ہیں لیکن اندرونی سطح پر دونوں جماعتوں کا ایک ہی ایجنڈا ہے۔