سرینگر//پی ایچ ڈی چیمبر نے ارون گندوترہ کو جموں کشمیر بینک کاایگزیکٹیوڈائریکٹر بنائے جانے پراُنہیں مبارکباد پیش کی ہے۔چیمبر کے وفد نے بلدیو سنگھ رینہ کی قیادت میں جموں وکشمیر بینک کاکوروناوائرس کی عالمگیروباء کے فوری اوردیرپاء اثرات کو کم کرنے کیلئے ایگزیکیٹوسطح کی کمیٹی تشکیل دینے کیلئے شکریہ اداکیا۔شوکت چودھری،جان محمدکول،بلال احمد کائوسہ ،شاہجہان اوراقبال فیاض پر مشتمل وفد نے ایگزیکیٹوڈائریکٹر سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ریاست جموں کشمیرکی تشکیل نو کے بعددومرکزی زیرانتظام اکائیوں میں تبدیل کئے جانے اور کوروناوائرس کی وباء کے بعدکشمیرکی صنعت،تجارت اورکاروبار کوسخت مشکلات کا سامنا ہے۔ رینہ نے کہا کہ کشمیرمیں صنعتوں میں نقدی کی آمد مکمل صفر تک پہنچ گئی ہے اورمالی سال2020-21تک صورتحال کے جوں کاتوں رہنے کاامکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ملک کیلئے کسی راحت پیکیج کااعلان کیا گیاتووہ مارچ سے نافذالعمل ہوگالیکن جہاں تک جموں وکشمیر کاتعلق ہے تو یہاں اگست 2019سے لاک ڈائون ہے ،اس لئے اگر کسی راحت پیکیج کامرکزی حکومت اور وزارت خزانہ کی طرف سے اعلان کیا گیاتوجموں کشمیر کیلئے اس کاطلاق اگست 2019سے کیا جانا چاہیے۔ ایگزیکیٹوڈائریکٹر اورفیاض احمدزرگر و دیگر پر مشتمل ٹیم کوبتایا گیا کہ سال2014کے سیلاب اور2016کے نامساعد حالات کی وجہ سے تاجروں کو جورعایت سود میں دی گئی تھی ،وہ130کروڑ روپے تک ہے اورمارچ2019سے دسمبر2019تک ابھی التواء میں ہے ،اُسے فوری طورجاری کیاجانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر پہلے ہی فائنانشل کمشنر ارون کمارمہتہ کے ساتھ تبادلہ خیال کیاگیا ہے اورانہوں نے اس کے ساتھ اتفاق کیا۔ رینہ نے کہا کہ مرکزی وزیرخزانہ، مرکزی وزیرمملکت ڈاکٹرجتندرسنگھ ،اورفائنانشل کمشنرجموں کشمیرکے ساتھ سرمایہ کاری میں اضافہ کرنے کامعاملہ میٹنگ میں اُٹھایا گیاجنہوں نے ریزروبینک آف اندیا کے ضوابط کے تحت سرمایہ کاری کو30فیصد تک بڑھانے سے اصولی طوراتفاق کیا۔اس دوان اقتصادی طور کمزورافراد کو دیئے گئے5لاکھ تک کے قرضے معاف کرنے پر بھی زوردیاگیا۔جموں کشمیر بینک کے ایگزیکیٹوڈائریکٹراجے گندوترہ نے وفد کے تمام مسائل غورسے سنے اور وفد کوبتایا کہ ہمیں جموں کشمیر کی موجودہ صورتحال کاادراک ہے اور ہم نے قبل ہی یہ معاملات ریزروبینک آف انڈیا کے ساتھ جموں کشمیرانتطامیہ کی وساطت سے اُٹھائے ہیں اورامید ہے کہ مستقبل میں جموں کشمیرکیلئے حکومت ہندکسی راحت پیکیج کااعلان کرے گی۔