یو این آئی
نئی دہلی//مرکزی زراعت، کسانوں کی فلاح و بہبود اور دیہی ترقی کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے جموں و کشمیر کے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ کسانوں کیلئے پردھان منتری کسان سمان ندھی (پی ایم-کسان)سکیم کی 21ویں قسط جاری کی۔منگل کو یہاں کرشی بھون میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بات کرتے ہوئے چوہان نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت سیلاب اور دیگر آفات سے متاثرہ جموں و کشمیر کے کسانوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ آج کی قسط کے تحت 171کروڑ روپے براہ راست تقریباً 8.55لاکھ کسانوں کے بینک کھاتوں میں منتقل کیے گئے جن میں85,418 خواتین کسان بھی شامل ہیں۔ PM-KISAN کے تحت جموں و کشمیر کے کسانوں کو اب تک مجموعی4,052 کروڑ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔مرکزی وزیر نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت کو تقریبا 5,100 مکانات کو نقصان پہنچانے کے بارے میں ایک میمورنڈم کے ذریعے اطلاع ملی ہے۔ ان کی تعمیر نو کے لیے دیہی ترقی کی مرکزی وزارت نے پردھان منتری آواس یوجنا (PMAY)کے تحت 85.62 کروڑ روپے کی خصوصی تجویز کو منظوری دی ہے۔مزید برآں، ریاست کی طرف سے تجویز موصول ہونے پر، دیہی ترقی کی وزارت منریگا کے تحت 100 دنوں کی بجائے 150 دن کی اجرت فراہم کرے گی۔مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور ریاستی وزیر زراعت جاوید احمد ڈار نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور مرکزی حکومت کی مدد کے لیے شکریہ ادا کیا۔