یو این آئی
نئی دہلی//وزیراعظم نریندر مودی بروزبدھ، 19نومبر کو پی ایم-کسان اسکیم کی 21ویں قسط جاری کریں گے ، جس کے تحت کسانوں کے بینک کھاتوں میں ہر قسط کے 2000 روپے براہِ راست جمع کرائے جاتے ہیں۔ پی ایم کسان سمان ندھی پروگرام کے تحت ملک بھر کے 11کروڑ سے زیادہ کسان کنبوں کو اب تک 3.70 لاکھ کروڑ روپے ادا کیے جا چکے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل فِن ٹیک ٹیکنالوجی نے پی ایم کسان جیسے پروگراموں کو مضبوطی سے نافذ کرنے میں مدد دی ہے کیونکہ اس میں شناخت کے لیے آدھار سے بھی جوڑا گیا ہے ۔ ای-کے وائی سی، موبائل ایپ اور کسان-ای-مِتر نے اس اسکیم کو کسانوں تک پہنچانے میں اہم کردار نبھایا ہے ۔ سوشل ویلفیئر فوائد کی مؤثر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کسان رجسٹری بھی شروع کی گئی ہے ۔ پی ایم کسان سمان ندھی (پی ایم-کسان) اسکیم، ہر اہل کسان کنبے کو سالانہ 6,000روپے کی مالی مدد فراہم کرتی ہے ۔ یہ مرکزی حکومت کی ایک اسکیم ہے جو 24 فروری 2019کو شروع کی گئی تھی۔ پی ایم کسان اسکیم کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ، پی ایم کسان پورٹل اور سی پی جی آر اے ایم ایس (عوامی شکایت کے ازالے اور نگرانی کے مرکزی نظام) پر شکایت نمٹانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ کسان اپنی شکایات کو براہِ راست پی ایم کسان پورٹل پر درج کرا سکتے ہیں اور بروقت و فوری معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ کسانوں کی شکایات ریئل ٹائم میں حل کرنے کے لیے کسان-ای-مِتر چیٹ بوٹ بھی دستیاب ہے ۔ یہ تکنیکی اور زبانی رکاوٹوں کو دور کرتا ہے اور کسانوں کو اپنی زبان میں اپنے مسائل کا حل حاصل کرنے کی سہولت دیتا ہے ۔ یہ ایپ ہندی، انگریزی، تمل، بنگالی، اڑیا، ملیالم، گجراتی، پنجابی، تیلگو، مراٹھی اور کنڑ سمیت 11زبانوں میں دستیاب ہے ، جس سے کسانوں کو زبان اور تکنیکی مشکلات کے بغیر فائدہ ملتا ہے ۔