سرینگر//سٹیٹ الیکشن کمشنر کے کے شرما نے بدھ کو اعلان کیا کہ مرکز ی زیر انتظام جموں کشمیر میں پہلے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) انتخابات 28نومبر سے شروع ہونگے۔یہ انتخابی عمل8مرحلوں پر مشتمل ہوگا اور ووٹوں کی گنتی22دسمبر کو کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ڈی سی انتخابات کے دوران ہی سرپنچوں، پنچوں اور اربن لوکل باڈیز میں پڑی خالی سیٹوں کیلئے بھی ووٹ ڈالے جائیں گے۔
جموں میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران سٹیٹ الیکشن کمشنر شرما نے کہا کہ ان انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال عمل میں لایا جائے گا جبکہ پوسٹل بیلٹ کا بھی انتظام رکھا گیا ہے تاکہ کورونا مریض، دیگر بیمار اور جسمانی طور خاص رائے دہندگان بھی اپنی رائے کا اظہار کرسکیں۔
ڈی ڈی سی انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی جموں کشمیر کے اندر الیکشن ضابطہ اخلاق نافذ ہوگیا ہے۔
شرما نے کہا کہ پہلے انتخابی مرحلہ کیلئے نوٹیفکیشن کل یعنی جمعرات کو جاری کیا جائے گی۔
ڈی ڈی سیز کا انتخاب پانچ سال کیلئے عمل میں لایا جائے گا اور ان انتخابات میں پہلی بار مغربی پاکستان کے رفیوجی ووٹ کا استعمال کریں گے۔
جموں کشمیر کے ہر ڈی ڈی سی14حلقوں پر مشتمل ہے اور ہر اُمیدوار کیلئے انتخابات کے دوران 5 لاکھ روپے خرچ کرنے کی حد مقرر کی گئی ہے۔
ڈی ڈی سی انتخابات کے متوازی ہی اربن لوکل باڈیز میں 228خالی سیٹوں کےلئے بھی الیکشن کرائے جائیں گے۔اسی طرح ہر سرپنچ انتخابی عمل کے دوران1لاکھ جبکہ پنچ50ہزار روپے تک کا خرچہ کر سکتا ہے۔