عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر / /وادی کشمیر میں طویل خشک موسمی صورتحال کے باوجود پہلگام سیاحوں کیلئے پہلی پسند بنی ہوئی ہے اور رواں ماہ ابھی تک 50ہزار سے زائد سیاح پہلگام کو رخ کرکے وہاں قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہوئے ۔پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹیو افسر طارق احمد نائک کا کہنا ہے کہ اگرچہ طویل خشک موسم نے سیاحت کو متاثر کیا ہے لیکن پہلگام سیاحوں کی پسند بن چکی ہے اور سیاحوں کی بڑی تعداد پہلگام میں قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال پہلگام کو سردیوں کی ایک مکمل جگہ کے بطور دینے کی کوششیں جاری ہیں لیکن برف کی غیر موجودگی نے ان منصوبوں کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’سیاح آتے رہے ہیں لیکن برف کے ساتھ سلسلہ بڑ سکتا ہے ‘‘۔ نائک نے کہا کہ کچھ بکنگ منسوخ ہو گئی ہیں کیونکہ کچھ سیاح خاص طور پر برف دیکھنے کیلئے آتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ آنے والے دنوں میں برف باری ہوگی اور ہم ایسی سرگرمیوں کیلئے تیار ہیں جو زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کریں۔