اننت ناگ//پہلگام میں ایک کار کو حادثہ پیش آنے سے محکمہ بجلی کا ایک ریٹائرڈ انجینئر لقمہ اجل بن گیا۔ پہلگام کے کاٹھسو سری گفوارہ علاقے میں سنیچر کی صبح ایک ماروتی آلٹو کار زیر نمبرJK03A/8369اچانک ڈرائیور کے قابوسے باہر آئی اور سڑک کے کنارے ایک کھمبے کے ساتھ جاٹکرائی۔یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب کار اننت ناگ قصبے سے سلر پہلگام کی طرف جارہی تھی۔حادثے میں مظفر احمد ایتو ساکن ہیون کالونی عشاجی پورہ اننت ناگ بری طرح سے زخمی ہوا اور اسے فوری طور پر ضلع اسپتال منتقل کیا گیا۔تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ چکا تھا اور اسپتال کے ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔معلوم ہوا ہے کہ مظفر احمد محکمہ پی ڈی ڈی میں انجینئر اور چند برس قبل ریٹائر ہوا تھا۔قانونی اور طبی لوازمات کی ادائیگی کے بعد جب مذکورہ شہری کی میت اس کے لواحقین کے سپرد کی گئی تو علاقے میں صف ماتم بچھ گئی۔