کج پارہ پل کو نقصان،سونہ مرگ سڑک ٹریفک کیلئے بند
سرینگر//وادی میں جمعرات کو کئی مقامات پربادل پھٹنے کی وجہ سے اچانک طغیانی آگئی اور متعدد علاقوں میں پانی گُھس آیا،جس وجہ سے ان علاقوں کارابطہ منقطع ہوگیا۔گاندربل ضلع کے سونہ مرگ میں جمعرات کودن بھرموسم ابرآلودتھااوررک رک بارشیں ہورہی تھیں۔اس دوران سہ پہر کوپانی متھا اورمندرموڈ کے قریب بادل پھٹنے سے پسیاں گرآئیں جس سے سڑک رابطہ منقطع ہوگیاجبکہ کج پارہ پل کوبھی نقصان پہنچا جس وجہ سے سونہ مرگ کیلئے دونوں طرف سے ٹریفک کوروک دیاگیا۔نالہ سندھ میں بھی پانی کی سطح میں اضافہ ہوا۔ناراں ناگ وانگت میں نالہ میں بھی پانی کی سطح میں اضافہ ہوااورنالے کے دونوں اطراف سڑک رابطے میں خلل پڑا۔دودرہامہ میں نالہ سندھ خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہاتھا۔داچھی گام نالہ میں بھی پانی کی سطح خطرے کے نشان کوچھو گئی ۔جنوبی کشمیرمیں بھی شدیدبارش کے باعث پہلگام میں آڑونالہ اور شیشناگ نالہ میں سہ پہر کے بعدپانی کی سطح میں اضافہ ہوا اور بے تاب وادی چاروں اطراف سیلانی پانی میں ڈوب گئی۔بٹہ کوٹ پہلگام میں نالہ لدرمیں پانی کی سطح کناروں کو چھوگئی اورکئی مقامات پرپانی دیہات میں داخل ہوا۔بانڈی پورہ میں بھی بادل پھٹنے سے نالہ مدھومتی میں طغیانی آگئی اور پانی کی سطح میں زبردست اضافہ ہوااور کئی مقامات پرپانی دیہات میں داخل ہوا۔لیہہ میں سیسپول نالہ میں بھی بارشوں اور بادل پھٹنے سے پانی کی سطح میں اضافہ ہوا۔