سرینگر// وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری کی ہدایت پرسکولوں میں پہلے دن کو یوم خوش آمدید کے طور منایا گیا اوراسی تناظرمیں کل ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے دیگر افسران کے ساتھ ہائی سکول پانتہ چھوک کے طالب علموں کے ساتھ شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کی مشہور دعا’’لب پہ آتی ہے دُعا بن کے تمنا میری‘‘ میں شرکت کی۔ ناظم تعلیم نے سکولی دعا میں شرکت کرنے کے بعد بچوں سے براہ راست بات کی اور خوش آمدید کے طور اُن میں مٹھائیاں تقسیم کیں۔ اس دوران ناظم تعلیم نے اساتذہ برادری سے کہا کہ وہ بچوں کے ساتھ خوش مزاجی سے پیش آئیں اور اُنہیں اپنی ہر کوئی بات پیش کرنے کا بھر پور موقعہ فراہم کریں۔بعد میں ناظم تعلیم گرلز ہائی سکول راولپورہ ، گرلز مڈل سکول کوٹھی باغ بھی گئے ۔ یوم خوش آمدید کے موقعے پرآج جہاں سرینگر کے مختلف سکولوں میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا وہیں بانڈی پورہ، گاندربل، بارہمولہ ، کپواڑہ اور بڈگام کے مختلف سکولوں میں طالب علموں کا سکول آنے پر خوش آمدید کیا گیا۔