عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// پہاڑی نسلی قبیلہ، پڈاری قبیلہ، کولی اور گڈا برہمن کو ایس ٹی کا درجہ دینے کے لیے پارلیمنٹ میں ریزرویشن ایکٹ میں ترمیم کرنے کا بل 17ویں لوک سبھا کے آخری اجلاس کے دوران سامنے آسکتا ہے۔31جنوری سے شروع ہونے والے اور 9فروری کو ختم ہونے والے 17ویں لوک سبھا کے آخری اجلاس میں اس بل پر غور و خوض اور پاس ہونے کا امکان ہے۔اسے لوک سبھا میں گزشتہ سال جولائی میں پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں دو دیگر بلوں کے ساتھ پیش کیا گیا تھا جس میں دو کشمیری پنڈتوں اور ایک پاکستان مقبوضہ جموں کشمیر (PoJK) کے پناہ گزینوں کو UT اسمبلی میں نامزد کرنے اور دیگر پسماندہ طبقات کو او بی سی کوجموں و کشمیر میں سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میںریزرویشن دینے کے لیے پیش کیا گیا تھا۔ آخری دو بل پارلیمنٹ نے دسمبر میں اس کے سرمائی اجلاس میں پاس کیے تھے جبکہ ایس ٹی اسٹیٹس بل کو نہیں اٹھایا گیا تھا۔ایس ٹی کو ملازمتوں، تعلیم میں ریزرویشن حاصل تھا، لیکن جموں و کشمیر میں انہیں طویل عرصے تک سیاسی ریزرویشن سے محروم رکھا گیا، حالانکہ ایسا ریزرویشن پورے ملک میں لوک سبھا اور اسمبلیوں میں موجود تھا۔تاہم، آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد حکومت نے جموں و کشمیر میں ایس ٹی کے لیے سیاسی تحفظات کو بڑھا دیا۔