عظمیٰ نیوز سروس
جموں//مودی حکومت کی قیادت میں عوامی فلاح وبہبودکیلئے اٹھا ئے گئے اقدامات کا خیرمقدم کرنے کیلئے پہاڑی ،گوجر اور بکروال طبقہ کاایک مشترکہ اجلاس جموں میں منعقد کیاگیا جس میں طبقوں کے سنیئر لیڈران نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔چوہدری جماعت علی کی میزبانی میں ’’سنیہ ملن‘‘ کے عنوان سے منعقدہ اجتماع میں بی جے پی جموں و کشمیر کے جنرل سکریٹری اور سابق ایم ایل سی وبود گپتا سمیت ان قبائل کے قائدین اور سرکردہ شہریوں نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران گپتا نے مودی حکومت کے تحت گجر-بکروال اور پہاڑی قبائل کے بڑھے ہوئے اتحاد، سلامتی اور بااختیار بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے گوجر-بکروالوں کے لئے سیاسی ریزرویشن، بین الاضلاع بھرتیوں پر پابندی ہٹانا اور پہاڑیوں کو ایس ٹی کا درجہ دیناو دیگر معاملات پرتفصیلی روشنی ڈالی ۔وبود نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ گوجر-بکروال اور پہاڑی قبائل کے نوجوان مودی حکومت کے فوائد حاصل کریں گے اور جموں و کشمیر کے لئے ایک شاندار دور کا آغاز کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ’’گوجر-بکروال اور پہاڑی جموں و کشمیر کی دو آنکھیں ہیں، جو گجر-بکروال ایس ٹی کوٹہ کو برقرار رکھتے ہوئے پہاڑیوں کو ایس ٹی کا درجہ دینے کے مودی حکومت کے تاریخی فیصلے کا جشن منا رہے ہیں تاہم، بی جے پی کو ان قبائل کی زبردست حمایت سے مایوس ہو کر،این سی ،پی ڈی پی اور کانگریس کے لیڈر چھوٹے ووٹ بینک کے فائدے کے لئے لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں‘‘۔سہیل ملک نے پہاڑیوں سمیت سماج کے پسماندہ طبقات کو بااختیار بنانے اور ان کے جائز مطالبات کو پورا کرنے کیلئے مودی حکومت کے عزم کی بھی تعریف کی۔ ہارون چودھری نے پہاڑی لوگوں کو مبارکباد دی اور موجودہ انتظامیہ کے تحت دونوں قبائل کی مشترکہ خوشحالی کے بارے میں امید ظاہر کی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پہاڑیوں کو ایس ٹی کا درجہ دینے کے فیصلے سے گجر-بکروالوں کے ایس ٹی کوٹے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔اس موقع پر چوہدری محمد صادق، ایڈووکیٹ محمود خان، چودھری محمد رمضان، چودھری جماعت علی، ماجد چودھری، مرزا سجاد، جاوید خان، عارف چودھری، غلام احمد خواجہ، حاجی اکبر، حاجی سردار، چودھری شبیر، چودھری منظور، سجاد کھٹانہ و دیگران بھی موجود تھے ۔