سردی کی شدت محسوس ہونا شروع ،مغل روڈ بھی آمد ورفت کیلئے بند
جاوید اقبال + عشرت حسین بٹ
مینڈھر+پونچھ//موسم سرما کی پہلی بارش کے ساتھ سردی میں اضافہ ہو گیا ہے ۔پیربعد دوپہر پہاڑی علاقوں کے ساتھ ساتھ میدانی علاقوں میں بھی تیز بارش ہوئی جس کے ساتھ ساتھ سردی میں بھی اضافہ ہوا اور زمیندار لوگوں کو بھی راحت کی سانس ملی کیونکہ بارش سے فیصلوں کو بھی فائدہ ملے گا ۔البتہ سردی کی لہر کو دیکھتے ہوئے لوگوں نے فوری طور گرم کپڑوں کا استعمال کرنے کا عمل بھی شروع کردیا ہے ۔اس دوران پیر پنچال پہاڑیوںپر برف باری کی اطلاعات ہیں۔پیر کو بعد دوپہر حکام نے مغل شاہراہ پر ہلکی برف باری کے بعد شاہراہ کو ٹریفک آمد و رفت کے لئے احتیاطی طور بند کر دیا ہے۔ مغل شاہراہ پر تعینات ایک ٹریفک پولیس آفسر کے مطابق شاہراہ پر گزشتہ روز بعد دوپہر ہلکی برف باری ہوئی جس کے بعد ٹریفک حکام نے شاہراہ پر پھسلن کے چلتے ٹریفک آمد و رفت بند کر دی۔ انہوں نے کہا کہ موسم صاف ہوتے ہی شاہراہ پر ٹریفک کی روانگی کے سلسلہ میں اقدامات اٹھائے جائینگے ۔ڈی ایس پی ٹریفک راجوری پونچھ شیو کمار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ پر پیر کی گلی کے نزدیک ہلکی برف باری ہوئی جس کی وجہ سے شاہراہ پر پھسلن کی صورت حال پیدا ہوئی ۔انہوں نے بتایا کہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے شاہراہ کو آمدورفت کیلئے بند کر دیا گیا ہے ۔