اشفاق سعید
سرینگر// وادی کشمیر ،خطہ چناب اور پیر پنچال نے روان موسم سرما کے دوران پہلی بار بیک وقت برف کی سفید چادر اوڑ لی ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کے بیشتر علاقوں میں سنیچر کو شروع ہوا برف وباراں کا سلسلہ اتوار شام دیر گئے تک جاری رہا۔ اتوار کی صبح جب لوگ نیند سے اٹھے، تو پوری وادی کو سفید چادر نے ڈھانپ لیا تھا۔ برف باری سے سڑک اور فضائی ٹریفک متاثر ہوا۔سرینگر ہوائی اڈے پر تمام پروازوں کو منسوخ کیا گیا اور ٹرین سروس بھی متاثر ہوئی ۔ انتظامیہ نے 8اضلاع کیلئے برفانی تودوں کے گرنے کی وارننگ جاری کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں آئندہ 24گھنٹوں کے دورا ن موسم خشک رہے گا ۔
سرینگر میں برف باری
سرینگر شہر میں موسم کی پہلی برف باری ہوئی ہے ۔دن بھرشہر میں 2 سے3 انچ برف جمع ہوئی۔صبح کے وقت ابتدائی لمحات میں گاڑیوں کی آمدرفت میں خلل پڑا اور گاڑیاں سست رفتاری کیساتھ چلتی رہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر بلال محی الدین بٹ اور میونسپل کمشنر سرینگر اویس احمد نے متعدد علاقوں کا دورہ کیا اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ متحرک ہے اورشہر کی تمام اندروانی اور اہم رابطہ سڑکوں سے برف ہٹا دی گئی ہے اور جہاں کہیں بجلی سپلائی میں خلل پڑا تھا اس کو ٹھیک کیا گیا ہے ۔
وسطی کشمیر اور لداخ
ضلع گاندربل کے پہاڑی اور میدانی علاقوں میں اتوار کو دن بھر وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری رہا۔ضلع کے میدانی علاقوں میں 8سے13انچ جبکہ بالائی علاقوں میں ڈیڑھ فٹ برف جمع ہوئی ۔برف باری کے نتیجے میں دن بھر گاڑیوں کو چلنے کے دوران پھسلن کا سامنا رہا ۔کنگن سے غلام نبی رینہ کے مطابق برف باری کے نتیجے میں سرینگر سونہ مرگ سڑک پر پھسلن پیدا ہونے سے چھوٹی گاڑیوں کو چلنے میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ زوجیلا پر 4 فٹ،سونمرگ 3 فٹ، گگن گیر میں اڑھائی فٹ، کلن گنڈ ڈیڑھ فٹ اور کنگن میں 6 انچ برف ریکارڈ کی گئی ۔ادھر دراس ،منی مرگ، پاندراس،گمری،مٹائن اورکرگل میں ڈیڑھ فٹ برف ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات لداخ کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ لیہہ میں 1 انچ برف ریکارڈ کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ نوبرا اور چینا باڈر کے بغیر لداخ کے تمام مقامات پر ہلکی برفباری ہوئی ۔ ادھر بڈگام میں بھی برف باری سے معمولات زندگی متاثر ہوئی ہوئے۔ ضلع کے توسہ میدان میں 4فٹ، یوسمرگ میں 2
فٹ اور دودھ پتھری میں اڑھائی فٹ برف ریکارڈ کی گئی ، جبکہ ضلع کے بالائی علاقوں میں 7سے 10 انچ اور میدانی علاقوں میں 5سے8انچ تک برف جمع ہو چکی ہے ۔
جنوبی کشمیر
اننت ناگ کے میدانی علاقوں میں تازہ 6انچ برف ریکارڈ کی گئی اور ضلع کے کچھ علاقوں میں یہ برف رواں موسم کی پہلی برف تھی ۔نمائندے عارف بلوچ کے مطابق ضلع کے بالائی اور میدانی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ اتوار شام تک جاری تھا اور ضلع کے بالائی علاقوں کپرن ، ڈنگو واڑی ، لارنو ، کوکرناگ اورپہلگام میں 8انچ سے 10انچ کے درمیان برف ریکارڈ کی گئی ۔رابطہ سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام بھی شرو ع کیا گیا اور شام تک متعدد سڑکوں سے برف ہٹائی گئی تھی ۔کولگام سے نمائندے اظہر حسین کے مطابق ضلع کے بالائی علاقوں نورآباد ، کنڈ ، ڈی کے مرگ ، اہربل ، گلزارآباد میں صبح سے ہی رک رک کر برف باری ہو رہی تھی، ان علاقوں میں 4سے5انچ برف ریکارڈ کی گئی۔ ۔پلوامہ سے مشتاق الاسلام نے بتایا کہ پلوامہ اور شوپیان اضلاع میں وادی کے دیگر علاقوں کی طرح برف باری ہوئی۔ شوپیاں کے میدانی علاقوں میں تازہ 5 انچ ، پلوامہ میں 3انچ اور پانپور میں 2انچ برف جمع ہوئی جبکہ پیر کی گلی دبجن اور ہیرپورہ بالائی علاقوں میں تازہ 10انچ سے 1فٹ کے قریب برف جمع ہوئی ۔
شمالی کشمیر
بارہمولہ ،بانڈی پورہ اور کپواڑہ میں بھی بھاری برف باری ہوئی ۔بانڈی پورہ سے عازم جان نے اطلاع دی ہے کہ ضلع کے میدانی علاقوں میں 7سے13انچ برف ریکارڈ کی گئی ،جبکہ رازدان ٹاپ پر 3فٹ تازہ برف باری ہوئی۔ادھر پہاڑی علاقہ گریز کے داور میں تقریباً 2سے3 فٹ، تلیل میں تقریباً3سے4 فٹ برف جمع ہوگئی۔۔ادھر بانڈی پورہ کو گریز سے جوڑنے والی شاہراہ مسلسل کئی روز سے گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند ہے ۔ٹنگمرگ سے نمائندے مشتاق الحسن نے بتایا کہ سیاحتی مقام گلمرگ میں تازہ برف باری ہوئی اور کل ملا کر کلمرگ میں 3فٹ اور پہاڑوں پر ساڑھے تین فٹ سے 5فٹ برف جمع ہو چکی ہے۔برف باری کا سلسلہ اتوار کو بھی دن بھر جاری رہا ۔ بابا ریشی میں ڈیڑھ فٹ، کنگہ ڈوری میں ساڑھے 3 فٹ اور افروٹ میں 5فٹ برف جمع ہو چکی ہے ۔برف باری کے بیچ ٹنگمرگ انتظامیہ نے سڑکوں کی بحالی کا کام شروع کیا اور گلمرگ ٹنگمرگ شاہراہ سمیت تمام سڑکوں پرگاڑیوں کی آمد ورفت کا سلسلہ جاری رکھا ۔اس دوران انتظامیہ نے ایسی کسی بھی گاڑی کو گلمرگ جانے کی اجازت نہیں دی جس کے پاس انٹی سکیڈ چین نہیں تھے ۔بارہمولہ سے فیاض بخاری کے مطابق ضلع کے میدانی علاقوں پٹن ، سوپور ، بارہمولہ، رفیع آباد، ناروائو میں پانچ سے 7 انچ تازہ برف ریکارڈ کی گئی ۔ سرحدی قصبہ اوڑی کے بیشتر علاقوں میں تازہ برفباری کی وجہ سے بجلی سپلائی متاثر ہوئی ،جبکہ قصبے کے کئی دیہات تحصیل ہیڈکوارٹر سے کٹ کر رہ گئے ہیں ۔کپواڑہ سے اشرف چراغ نے بتایا کہ سادھنا ٹاپ پر تازہ 4 فٹ برف ریکارڈ کی گئی جبکہ کیرن کے پھرکیاں ٹاپ پر 3 فٹ اور مژھل کی زیڈ گلی پر ساڑھے 4 فٹ برف ریکارڈ ہوئی۔ ضلع کے میدانی علاقوں ہندوارہ ، کپواڑہ ، لولاب ، ترہلگام ، کرالپورہ ، ویلگام ،رام ہال ، ملیال ، ورسن ، گزریال ، شمناگ ، ہڑی ، لون ہرے،راشن پورہ سمیت دیگر علاقوں میں سنیچر کی صبح سے ہونے والی برف باری کا سلسلہ اتور شام دیر گئے تک وقفے وقفے سے جاری تھا جس سے میدانی علاقوں میں 7سے10انچ تک برف ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ کرناہ کے میدانی علاقوں میں
6سے14انچ ، کیرن کے اندروانی علاقوں میں 10انچ اور مژھل کے اندروانی علاقوں میں 1فٹ برف جمع ہونے کی اطلاعات ہیں ۔
محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں آج سے 14فروری تک موسم خشک رہے گا البتہ سوموار کی صبح تک چند ایک علاقوں میں ہلکی بارش یا پھر برف باری ہو سکتی ہے ۔محکمہ کے مطابق آئندہ موسم خشک ہونے کے بعد دن کے درجہ حرارت میںمزید بہتری آئے گی البتہ شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ کا امکان ہے ۔
چناب/پیر پنچال
پیر پنچال کے بانہال،رام بن کے اوپری علاقوں،بھدرواہ، ڈوڈہ، کشتواڑ، وارڈون،ریاسی اور دیگر پہاڑی علاقوں میں اچھی خاصی برفباری ہوئی۔ادھر راجوری کے بدھل، کوٹرنکہ، درہال، تھنہ منڈی اور مجہ کوٹ میں برفباری ہوئی جبکہ پونچھ کے سرنکوٹ، مینڈھر،منڈی اور دیگر بالائی علاقوں میںبرفباری ریکارڈ کی گئی۔
۔8اضلاع کیلئےتودوں کی وارننگ
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //جموں وکشمیر ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے خراب موسمی صورتحال کے چلتے جموں وکشمیر کے 8اضلاع کیلئے اگلے 24گھنٹوں کے دوران برفانی تودے گر آنے کی وارننگ جاری کی ہے ۔ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر کے بانڈی پورہ ، بارہمولہ ، کپواڑہ ، گاندربل ، کشتواڑ ، پونچھ اور رام بن کے پہاڑی علاقوں میں اگلے 24گھنٹوں کے درمیان درمیانہ درجہ کے برفانی تودے گر آنے کا امکان ہے ۔
تمام پروازیں منسوخ، ٹرین سروس بھی متاثر | قومی شاہراہ جزوی طور بحال
محمد تسکین +عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر، بانہال//تازہ برف باری اور خراب موسم کی وجہ سے سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتوار کیلئے شیڈول شدہ تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں ۔سرینگر ہوائی اڈہ کے ڈائریکٹر جاوید انجم نے بتایا کہ خراب موسم کی وجہ سے اتوار کی صبح لگاتار برف باری کے نتیجے میں پروازوں کو لینڈنگ اور اڑان بھرنے میں مشکلات پیش آئیں ۔انہوں نے کہا کہ اہلکاروں کی کوششیں تھیں کہ پروازیں بحال ہوں اور اس کیلئے کئی گھنٹوں کا انتظار کرنا پڑا تاہم جب موسم میں کوئی بھی سدھار نہیں آیا تو تمام پروازیں منسوخ کرنا پڑیں ۔ادھربانہال بارہمولہ ریل سروس کوبھی روک دیاگیا۔ پٹری پربرف جمع ہونے کے باعث احتیاطاً ریل سروس کومعطل کردیاگیا تاکہ کوئی ناخوشگوار واقع رونما نہ ہوسکے ۔ ادھرہفتے کی شب سے بانہال اور رامسو کے درمیان برفباری اور بارشوں کا سلسلہ اتوار شام تک رک رک کر جاری تھا ، لیکن پسیاں گر آنے کے نتیجے میں جموں سرینگر قومی شاہراہ پر کافی دیر تک ٹریفک کی دو طرفہ آمدورفت بند رہی۔اتوار کی صبح گیارہ بجے قریب کشتواڑی پتھر شیر بی بی کے مقام پر اوپری پہاڑی سے ایک پسی گر آئی ، جسکی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحرکت کم از کم ڈیڑھ گھنٹے تک معطل رہی۔تاہم بعد میں اسے یکطرفہ اور جزوی طور بحال کر دیا گیا ۔ شاہراہ کے بند ہونے اور متعدد مقامات پر پتھروں اور پسیوں کے گرنے اور تازہ برفباری کے پیش نظر اتوار کی دوپہر کو ادہمپور اور قاضی گنڈ سے مزید ٹریفک کو آگے بڑھنے سے روک دیا گیا ۔ ڈی ایس پی ٹریفک محمد اصغر ملک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شیر بی بی کے مقام پر اتوار کی صبح بند ہوئی شاہراہ کو جزوی طور دوبارہ بحال کیا گیا اور مال و مسافر گاڑیوںنکالنے کا عمل شام تک جاری رہا۔ انہوں نے کہا کہ ڈھلواس کے مقام کیچڑ کی وجہ سے سڑک کی حالت خراب ہے جبکہ کیفٹیریا موڑ ، مہاڑ ، مکرکوٹ ، ناچلانہ ، کشتواڑی پتھر شیر بی بی ، شالگڑی اور ہنگنی کے مقامات پر سڑک یکطرفہ ٹریفک کے قابل ہے۔