سرینگر //جموں و کشمیر میں پہلی مرتبہ گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے شعبہ امراض چھاتی نیٹ پھیپھڑوں کے ٹیومر کے خاتمہ کیلئے لیزر ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کیا ہے اور سلسلے میں سی ڈی ہسپتال ڈلگیٹ میں 2مریضوں کی جراحیاں انجام دی گئیں۔ سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد سلیم ٹاک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ لیزر ٹیکنالوجی پھیپھڑوں کے اندر پیدا ہونے والے ٹیومر کے خاتمہ میں استعمال کی جاتی ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ اس ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے سے نہ صرف ٹیومر کا خاتمہ کیا جاتا ہے بلکہ جراحی کے بعد مریض کی چھاتی سے خون بھی خارج نہیں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ سانس لینے کی نلی میں تکلیف، چھاتی سے خون آنا اور دیگر بیماریوں کے علاج میں بھی یہ ٹیکنالوجی کافی مدد گار ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ جموں و کشمیر کا پہلا اسپتال بن گیا ہے جہاں یہ سہولیات دستیاب ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ امراض چھاتی کے سربراہ ڈاکٹر نوید نذیر شاہ کی سربراہی میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے پہلی 2جراحیاں منگل کو انجام دیں ۔ انہوں نے کہا کہ پہلی جراحی عام انستھیسیا کے ساتھ rigid bronchoscopy جبکہ دوسری جراحی میں flexible bronchoscopy سے انجام دی گئی جس میں مریض کو بے ہوش کرنے کی ضرورت نہیں پڑی۔