کشتواڑ //کشتواڑ ۔جموں شاہراہ کلگاڑی کے مقام پر ایک بار پھر سے پتھر گرآنے سے بند ہوگئی ہے ۔شاہراہ پر پتھرا ئو گرنے کے باعث ضلع انتظامیہ نے دونوں طرف سے روڈ کو گاڑیوں کو بند کردیاہے اور اتوار کی صبح سے ہی کسی بھی گاڑی کو خطرے والے حصے میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔عینی شاہدین نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ درابشالہ اور ٹھاٹھری سمیت دونوں اطراف سینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہیں ۔دریں اثناء پولیس ذرائع نے بتایاکہ روڈ فی الحال بند ہی ہے اور اس پر بحالی کاکام شروع نہیں کیاجاسکتاکیونکہ پتھر ائو گرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ بحالی کاکام تبھی شروع ہوسکتاہے جب پتھر گرنے کا سلسلہ رک جائے گا۔واضح رہے کہ پچھلے ڈیڑھ ماہ کے دوران اس مقام پر روڈ متعدد مرتبہ بند ہوئی ہے اور ایک مرتبہ تو ایک ہفتہ تک روڈ بند رہی جبکہ شہریوں کی ملبے تلے دب کر ہلاکتیں بھی ہوچکی ہیں ۔