فیاض بخاری
بارہمولہ// پٹن میں لفٹ اری گیشن اسکیم نہ ہونے کی وجہ سے باغ مالکان اور کسانوں کوزبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ قصبہ پٹن میں میوہ صنعت ہی لوگوں کی اقتصادی بہتری اور خود کفالت کیلئے ریڈ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ۔ تاہم خشک سالی کے دوران پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے میوہ باغات کو شدید نقصان کا سامنا ہے ۔ پٹن کے متعدد علاقوں سری وارپورہ ، ماموسہ ،پلہالن ، گوشہ بگ، نہال پورہ، تلہ گام ، وانی گام، شر پورہ ،برن ، بہرام پورہ ، زنگم ، سونم ، یال ، کانولہ ،مگہامہ ، ڈانگر پورہ ، لولول پورہ اور ژکر ،کے لوگوں نے بتایا کہ ان علاقوں میں پانی کی عدم دستیابی اور خشک سالی کی وجہ میوہ کے درخت سوکھ گئے ہیں ،جس سے میوہ جات کا رنگ اور زائقہ تبدیل ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے دوران بر وقت پانی میسر نہ ہونے کی وجہ سے باغات متاثر ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امسال ماضی کی طرح میوہ جات کو پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے کافی نقصان پہنچا ۔انہوں نے کہا کہ میوہ صنعت اور سیب کے میوہ دار درختوں کوبچانے کیلئے لفٹ ار ی گیشن اسکیم کی ضرورت ہے۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ علاقے میں پانی میسر رکھنے کیلئے لفٹ اری گیشن سکیم کی کوئی منصوبہ بندی کی جائے تاکہ میوہ کا تحفظ کیا جاسکے۔