نئی دہلی//پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 16دنوں سے مسلسل اضافہ کے بعد آج دونوں ایندھنوں کی قیمتوں پر گومگو کی صورتحال رہی۔ملک کی سرفہرست تیل کمپنی انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ (آئی او سی ایل) کے پہلے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 60اور56پیسے فی لیٹر کم کرنے کا اعلان سے صارفین کو کچھ راحت ملی لیکن بعد میں اسے کم کرکے ایک ایک پیسے کردیا گیا۔دونوں ایندھنوں کی قیمت میں اضافہ سے نریندر مودی حکومت اپوزیشن کے نشانہ پر ہے اور 16دن بعدصارفین کو قیمتوں میں کمی کی امید بندھی تھی۔ گزشتہ 16دنوں کے دوران ڈیزل 3.40روپے اور پٹرول 3.80روپے فی لیٹر مہنگا ہوا تھا۔راجدھانی دہلی میں آج ڈیزل اور پٹرول کی قیمت ایک ایک پیسے کم ہوکر 69.30روپے اور 78.43روپے فی لیٹر رہی۔ممبئی میں پٹرول ایک پیسے کم ہوکر 86.23روپے جبکہ ڈیزل 73.79روپے فی لیٹر ہوگئی۔ کولکتہ اور چنئی میں قیمت ہوکر بالترتیب 81.05اور 71.85اور 81.42اور 73.17روپے فی لیٹر رہی۔آئی او سی ایل یومیہ بنیاد پر دونوں ایندھنوں کی قیمتوں میں ترمیم کرتا ہے اور ترمیم شدہ قیمتیں صبح چھ بجے نافذ ہوتی ہیں۔ صبح کمپنی کی ویب سائٹ پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں بالترتیب 60اور 56پیسے کی کمی دکھائی گئی تھی۔کمپنی نے بعد میں دونوں ایندھنوں کی قیمت میں وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ بدھ کو تکینی غلطی سے ویب سائٹ پر قیمت غلط دکھائی گئی تھی جسے بعد میں ٹھیک کیا گیا ہے ۔ اس کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ایک ایک پیسے کم ہوئی ہیں۔یو این آئی