عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //قومی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں لوگوں نے پیر یعنی 20 اکتوبرکو بڑے جوش و خروش کے ساتھ دیوالی منائی۔ عمارتوں کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا اور گھروں میں مٹی کے چراغ روشن کیے گئے۔ روشنیوں کے تہوار کے موقع پر لوگوں نے مندروں میں پوجا کی۔ اس سال ماحول دوست سبز پٹاخوں کے استعمال کی اجازت دینے کی سپریم کورٹ کی منظوری کے بعد، شرائط کے ساتھ، قومی راجدھانی میں بڑی تعداد میںسبز پٹاخے پھوڑے گئے۔دہلی کی ہوا کا معیار دن کے وقت خراب ہوا اور رات کو پٹاخے پھوڑنے کی وجہ سے منگل اور بدھ کو ‘شدید’ زمرے میں پہنچنے کی امید ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، شہر کا 24 گھنٹے کا اوسط ہوا کا معیار یعنی ایئر کوالٹی انڈیکس 345 ریکارڈ کیا گیا، جو ‘انتہائی ناقص’ زمرے میں آتا ہے۔