محمد تسکین
بانہال// سب ڈویژن رامسو کی تحصیل اْکڑال پوگل پرستان کے لوگوں نے محکمہ انڈین پوسٹل سروسز کے مقامی ڈاکیہ کے خکاف شدید نوعیت کے الزامات لگاتے ہوئے اس کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے اور اس سلسلے میں پوسٹ ماسٹر رامسو اور تحصیلدار اْکڑال کو ایک شکایتی درخواست بھیجی گئی ہے۔ پوگل کے مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ علاقہ پوگل میں ایک ڈاکیہ تعینات ہے اور وہ ذاتی عناد اور ضد کی بنا پر لوگوں کے ایڈریس پر انے والی ڈاک کو واپس کر دیتا ہے جس کی وجہ سے اب تک کئی لوگوں کو اس ڈاکیہ کی اس حرکت سے پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تازہ واقعہ میں پیشے سے ڈرائیور بشیر احمد کمہار ساکنہ ترگام پوگل پرستان تحصیل اْکڑال ڈاکخانہ رامسو نے اپنے PAN کارڈ میں کچھ کوائف درستگی کرائی تھی اور اس کا PAN کارڈ کئی بار سپیڈ پوسٹ کے ذریعے دیئے گئے ایڈریس پر روانہ کیا گیا لیکن متعلقہ ڈاکیہ نے اس سپیڈ پوسٹ کو بشیر احمد کمہار کو ڈیلیور کرنے کے بجائے اسے یہ کہہ کر واپس کر دیا کہ مذکورہ شخص بشیر احمد ڈرائیور ہے اور وہ ہمیشہ علاقے سے باہر رہتا ہے اور اس تک یہ ڈیلیوری پہنچانا ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ ڈاکیہ اصل میں بشیر احمد کا قریبی ہمسائیہ اور رشتہ دار ہے اور اسے گھر میں ڈاک پہنچانے کے بجائے ڈاکیہ نے زاتیات کی بنا پر بشیر احمد کی سپیڈ پوسٹ کو یہ کہہ کر کئی بار واپس کر دیا کہ یہ شخص باہر کہیں ڈرائیور کا کام کرتا ہے اور اسے واپس ارسال کیا جا رہا یے جبکہ ایک اور بار پوسٹ مین نے لکھا ہے کہ مذکورہ شخص گھر سے باہر چلا گیا یے لہذا واپس ارسال ہے۔ پوگل کے مقامی لوگوں نے بتایا کہ ایسا تین بار کیا گیا جبکہ سپیڈ پوسٹ کے زریعے بھیجے گئے PAN کارڈ کی ٹریکنگ ڈیلیوری کی مسیجز بشیر احمد کو مسلسل ارہی تھیں۔ پوسٹ ماسٹر رامسو کو لکھی تحریری شکایت میں بشیر احمد نے لکھا ہے کہ انہوں نے PAN کارڈ کی سپیڈ پوسٹ کی امد کے بارے میں کئی بار متعلقہ ڈاکیہ سے پوچھا بھی لیکن متعلقہ ڈاکیہ ہر بار اسے یہی جواب دیتا رہا کہ اپ کی PAN کارڈ پر مشتمل ڈاک ابھی تک پہنچی ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپیڈ پوسٹ کی مسیجز کو لیکر وہ ہیڈ پوسٹ آفیس ادہم پور اور جموں بھی پہنچے اور اب انہیں یہ ڈاک جموں ہیڈ پوسٹ آفس سے ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ دیکھ کر دنگ رہ گئے کہ متعلقہ ڈاکیہ نے قریبی ہمسایہ ہونے کے باوجود سپیڈ پوسٹ کو گھر میں دینے یا پوگل میں ایک دکان پر جہاں تمام لوگوں کی ڈاک رکھی جاتی یے، کے بجائے واپس کر دیا ۔ انہوں نے محکمہ انڈین پوسٹل سروسز کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے وہ اس معاملے کی تحقیقات عمل میں لائی جائے اور ضابطے کی کارروائی کی جائے۔اس سلسلے میں کشمیر عظمی ٰنے جب متعلقہ ڈاکیہ غلام محمد کمہار سے رابطہ قائم کیا تو انہوں نے کہا کہ مذکورہ شخص گھر ہر موجود نہیں تھا اور یہ ڈاک واپس کی گئی جسے اس نے جموں سے دوبارہ حاصل کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں کسی اور کے ہاتھ کسی اور کی اور کی ڈاک تھمانے کیوجہ سے انہیں ماضی میں بھی محکمہ کی طرف سے پوچھ تاچھ کا سامنا کرنا پڑا ہے اور گاوں میں کسی اور کو کسی اور کی ڈاک دینے سے کئی بار مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں میں سپیڈ پوسٹ سے PAN کارڈ حاصل کرنے کے باوجود اب مذکورہ شخص ضد نکال رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریق اب مقامی برادری میں اس مسئلے کو باہمی طور حل بھی کر رہے ہیں۔