سرینگر//جنوبی کشمیر میں پارٹی کی انتخابی مہم کو تیز کرتے ہوئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈران نے کانگریس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ریاستی عوام پر نیشنل کانفرنس کے ہاتھوں ہوئے مظالم میں برابر کے شریک ہیں ۔پارٹی کے نائب صدر سرتاج مدنی،ریاستی وزیر عبدالرحمان ویری ،سید فاروق اندرابی، ظہور احمد میر ،نذیر احمد لاﺅے ،عبدالمجید پڈرو،محمد یوسف بٹ اور اعجاز احمد میر نے پارٹی امیدوار تصدق حسین مفتی کے حق میں کئی عوامی میٹنگوں سے خطاب کیا۔نور آباد میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر عبدالحق خان نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ریاست میں بد انتظامی اور بد امنی کا ماحول پیدا کیا او ر کانگریس اس میں برابر کی شریک ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی اور اس کی صدر محبوبہ مفتی نے عوام تک پہنچ کر جمہوریت میں ان کے یقین اور اعتماد کو بحال کیا۔انہوںنے کہا پی ڈی پی نے پوٹا قانون اور ایس ٹی ایف کو ختم کرکے عوام کو راحت پہنچائی۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے 2002میں اقتدار سنبھالتے ہی اپنے تمام وعدوں کو پورا کی اور موجودہ پی ڈی پی کی قیادت والی سرکار اپنے وعدوں پر کاربند ہے ۔انہوںنے کہا کہ2008تک ریاست ترقی اور خوشحال کی طرف رواں دواں تھی لیکن نیشنل کانفرنس کے اقتدار سنبھالتے ہی پھر سے ریاست میں افرا رتفری اور بدامنی کا ماحول پیدا ہوا۔پی ڈی پی لیڈران نے عوام سے اپیل کی کہ پی ڈی پی امیدوار کو کامیاب بنائیں۔ادھرپیپلز ڈیموکریٹک پارٹی سنیئر لیڈر اور وزیر زراعت غلام نبی لون ہانجورہ نے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس کانگریس اتحاد جموں وکشمیر میں ظلم و جبر کی علامت ہے۔بڈگام کے مختلف علاقوں میں پارٹی امیدوا ر نظیر احمد خان کے ہمراہ کئی عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے غلام نبی لون ہانجورہ نے کہا کہ تاریخ گواہ کے ان دو جماعتوں نے مل کر ہمیشہ کشمیر میں تباہی کی ہے ۔پارٹی کے امیدوار نظیر احمد خان نے اپنی تقریر میں کہاکہ نیشنل کانفرنس کے پاس لوگوں کو دینے کےلئے کچھ بھی نہیں ہے کیونکہ ان کے پاس اقتدار حاصل کرنے کے بغیر ریاست کی ترقی اور خوشحالی کےلئے کوئی منصوبہ نہیں ہے۔پارٹی کے ضلع صدر بڈگام منتظر محی الدین عوام سے اپیل کی کہ وہ پی ڈی پی کے امیدوار کے حق میں ووٹ دیکر انہیں کامیاب بنائیں۔