حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام پر قائم پرانے بس اسٹینڈ کی عرصہ دراز سے خستہ حالت تھی جس کو لے کر عوام کی جانب سے کئی بار احتجاجی مظاہرے کر کے اس کی مرمتی کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ اس دوران انتظامیہ کی جانب سے وہاں پر محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے زیر نگرانی تعمیراتی کام شروع کیا گیا ہے جس کو لے کر پونچھ کے عوام خصوصی طور پر ٹرانسپورٹر اظہار مسرت کر رہے ہیں۔یہ لوگ امید کر رہے ہیں کہ بس اڈے کا جو تعمیراتی کام ہے وہ معیاری طریقے سے انجام دیا جائے گا۔اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے ایس سی محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے کے اتری نے بتایا کہ ان کے محکمہ کی جانب سے ایک پلان بنایا گیا تھا جس کی منظوری کے بعد یہ تعمیراتی کام وہاں کروایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کے پاس ایک پلان ہوتا ہے جس کے تحت یہ کام انجام دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ کوشش کر رہے ہیں کہ وہاں معیاری اور اعلیٰ طریقے سے کام سر انجام دیا جائے تاکہ لوگوں کی دوبارہ شکایت نہ رہے۔انہوں نے کہا کہ وہاں پر تارکول بچھائی جا رہی ہے جس کو ہمیشہ زیادہ خطرہ پانی سے رہتا ہے کیونکہ پانی تارکور کو نقصان پہنچاتا ہے۔اس لیے ضروری ہے کہ وہاں کا نکاس اپ درست رہے۔ ادھر ٹرانسپورٹروں نے بھی ضلع انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہاں تعمیراتی کام احسن طریقہ سے انجام کو پہنچے گا۔