محتشم احتشام
پونچھ //صدر بازار پونچھ میں غیر قانونی پارکنگ نے شہریوں اور تاجروں کے لئے شدید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ خرید و فروخت کے سب سے بڑے مرکز کہلائے جانے والے اس بازار میں روزانہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ خریداری کے لئے آتے ہیں، تاہم بازار کی مرکزی سڑکوں اور گلیوں میں بے ہنگم پارکنگ نے نہ صرف ٹریفک کی روانی کو متاثر کیا ہے بلکہ صارفین کو بھی شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔شہریوں نے شکایت کی کہ خاص طور پر تہواروں کے دنوں میں جب خریداروں کا رش بڑھ جاتا ہے، تو دو پہیہ اور تین پہیہ گاڑیاں بازار کے اندر ہی کھڑی کر دی جاتی ہیں جس کی وجہ سے پیدل چلنے والوں کے لئے راستہ تنگ ہو جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی پولیس، ٹریفک پولیس اور انتظامیہ کو بارہا اس مسئلے کی جانب توجہ دلائی گئی لیکن تاحال کوئی مؤثر اقدام سامنے نہیں آیا۔تاجروں نے بتایا کہ غیر قانونی پارکنگ کے باعث صارفین کو خریداری کے دوران سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس سے کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس مسئلے پر فوری قابو نہ پایا گیا تو بازار کی رونق اور صارفین کا اعتماد مجروح ہوگا۔عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع انتظامیہ صدر بازار میں سختی کے ساتھ پارکنگ کے اصول و ضوابط نافذ کرے، متعینہ مقامات پر ہی پارکنگ کو محدود کیا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانے سمیت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عام شہری سکون سے خریداری کر سکیں اور ٹریفک نظام بھی بہتر ہو سکے۔