محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کے صدر مقام پر محلہ شیش محل کی سڑک طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار ہے، جس کے باعث مقامی شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بارش کے دنوں میں سڑک گڈھوں میں تبدیل ہو جاتی ہے، جس سے نہ صرف عام آمدورفت متاثر ہوتی ہے بلکہ اسکول جانے والے بچوں اور مریضوں کو بھی سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اہلِ محلہ نے متعدد بار انتظامیہ سے سڑک کی مرمت کے لئے اپیل کی، تاہم کوئی عملی اقدام نہ ہونے کے بعد مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت چندہ جمع کر کے سڑک کی مرمت کا کام خود شروع کر دیا۔ شہریوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی مسلسل بے حسی اور عدم توجہی نے انہیں مجبور کر دیا کہ وہ خود اپنے وسائل سے یہ کام انجام دیں۔اس موقع پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر نشچل شرما بھی موقع پر پہنچے اور عوامی اقدام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک امر ہے کہ لوگوں کو اپنی بنیادی سہولیات کے لئے خود چندہ جمع کرنا پڑ رہا ہے جبکہ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ شرما نے واضح طور پر کہا ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اب انتظامیہ کے افسران کے دروازے پر نہیں جائیں گا۔ جب عوام خود اپنے کام کر رہے ہیں، تو ہمیں بھی ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، نہ کہ زبانی دعوے کرنے والوں پر بھروسہ۔علاقہ کے مکینوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شیش محل سمیت دیگر محلہ جات میں بھی خستہ حال سڑکوں کی فوری مرمت کی جائے تاکہ عوامی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔یہ عوامی اقدام اس بات کی روشن مثال ہے کہ جب انتظامیہ ناکام ہو جائے تو عوام متحد ہو کر اپنے مسائل کا حل نکال سکتی ہے۔