محتشم احتشام
پونچھ// ضلع پونچھ کی پنچایت پونی درہ گلپور وارڈ نمبر 3 کی مرکزی سڑک خستہ حالی کا شکار ہو چکی ہے جس کی وجہ سے مقامی عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں آبپاشی محکمہ کی نہر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور پانی مسلسل سڑک پر بہہ رہا ہے، جس کی وجہ سے سڑک کے ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ اس مسئلے کی وجہ سے جہاں روزمرہ کی آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے وہیں کسان بھی پانی کی کمی کے باعث پریشانی میں مبتلا ہیں۔اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ برسوں سے نہ تو نہروں کی مرمت کی گئی ہے اور نہ ہی ان کی صفائی۔ نتیجتاً قیمتی پانی ضائع ہو رہا ہے اور کھیتوں تک پانی کی فراہمی معطل ہو چکی ہے۔ کسانوں کے مطابق اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو زرعی پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہوگی، جو براہِ راست ان کی روزی روٹی اور علاقے کی معیشت پر اثر انداز ہوگی۔مقامی معززین اور عوامی نمائندوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ آبپاشی محکمہ کو فوری طور پر فعال بنایا جائے اور نہروں کی مرمت و بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر پانی کی صحیح تقسیم اور ضائع ہونے والے وسائل کو قابو میں نہ کیا گیا تو علاقے کے کسانوں کو ناقابلِ تلافی نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔علاقہ مکینوں نے مزید کہا کہ اگر محکمہ آبپاشی نے اپنی ذمہ داری پوری نہ کی تو وہ احتجاجی مظاہروں پر مجبور ہو جائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی غفلت نے عوامی مشکلات میں اضافہ کیا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ اعلیٰ حکام اس سنگین مسئلے پر توجہ دیں۔شہریوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی ہے کہ وہ ذاتی طور پر علاقے کا دورہ کریں اور عوامی مشکلات کا جائزہ لیں ساتھ ہی انہوں نے مطالبہ کیا کہ خستہ حال سڑک کی فوری مرمت کی جائے تاکہ لوگوں کو آمد و رفت کی بنیادی سہولت فراہم ہو اور پانی کے بہاؤ کی وجہ سے مزید نقصان نہ ہو۔مقامی عوام کو امید ہے کہ انتظامیہ ان کے مسائل کا سنجیدگی سے نوٹس لے کر بروقت اقدامات کرے گی تاکہ علاقے کے کسانوں اور شہریوں کو ریلیف مل سکے اور مستقبل میں زرعی معیشت کو نقصان سے بچایا جا سکے۔