عشرت حسین بٹ
پونچھ // ضلع پونچھ پولیس نے ایک سنسنی خیز اور پراسرار قتل کے واقعہ کو صرف 48 گھنٹوں میں حل کرکے نہ صرف اصل ملزم کو گرفتار کرلیا بلکہ قتل میں استعمال ہونے والا ہتھیار بھی برآمد کیا۔ پولیس کی اس تیز اور پیشہ ورانہ کارروائی کو عوامی حلقوں میں کافی سراہا جارہا ہے۔25 اگست 2025کو پولیس اسٹیشن لورن کو اطلاع موصول ہوئی کہ حاجراں بی زوجہ عبدالغنی ساکن چکڑی بن بکریاں چرانے گئی تھی لیکن شام تک گھر واپس نہیں لوٹی۔ گاؤں کے قریبی جنگلات میں اس کی ایک بکری بھی مردہ حالت میں ملی، جس پر معاملہ مشکوک قرار دیا گیا اور پولیس نے فوری طور پر کارروائی شروع کردی۔پولیس کی ٹیم نے سرچ آپریشن شروع کیا اور کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد حاجراں بی کی لاش ایک قدرتی غار سے برآمد کی گئی، جہاں اُسے جان بوجھ کر پتھروں اور دیگر اشیاء کے نیچے چھپا دیا گیا تھا۔ ابتدائی شواہد سے واضح ہوگیا کہ یہ ایک قتل کا معاملہ ہے۔ اس پر پولیس اسٹیشن لورن میں ایف آئی آر نمبر 18/2025 زیر دفعہ 103 بی این ایس درج کیا گیا۔قتل کے اس معاملہ کو حل کرنے کے لئے ایس اے ایس پی پونچھ کی ہدایت پر ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس کی سربراہی ایس ایچ او لورن نوید انجم کر رہے تھے۔ ٹیم نے جدید تکنیکی وسائل اور انسانی انٹیلی جنس کی مدد سے شواہد اکٹھے کئے اور تحقیقات کو آگے بڑھایا۔تحقیقات کے دوران پولیس نے مقتولہ کے شوہر عبدالغنی ولد عبدالعزیز ساکن چکڑی بن کو حراست میں لیا۔ ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد جب اس سے سختی سے تفتیش کی گئی تو اس نے قتل کا اعتراف کرلیا اور پورا منصوبہ بھی بیان کردیا۔ ملزم نے پولیس کو گمراہ کرنے کے لئے ایک چال بھی چلی تھی۔ اس نے اپنی ہی بکری کو بھی ذبح کرکے موقع پر ڈال دیا تاکہ واقعہ کو ریچھ کے حملے کا رنگ دیا جا سکے اور اس طرح شک اپنی طرف سے ہٹایا جا سکے۔ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے قتل میں استعمال ہونے والا ہتھیار بھی برآمد کرلیا ہے۔ فی الحال ملزم پولیس کی تحویل میں ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔اس اہم کارروائی کے بعد ضلع پولیس پونچھ نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ جرائم کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ہر مجرم کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پولیس کے مطابق انصاف کی فراہمی میں کسی بھی دباؤ یا رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔علاقے کے عوام نے پونچھ پولیس کی بروقت اور تیز رفتار کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے عوام کے اندر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ لوگوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ضلع پولیس جرائم کے خلاف بھرپور ایکشن لے رہی ہے اور شہریوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔
پونچھ پولیس نے 48 گھنٹوں میں سنسنی خیز اور پراسرار قتل کیس حل کیا
