پونچھ//نواسہ رسولﷺحضرت حسین علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں کی لازوال قربانیوں کی یاد میں دنیا بھر میں یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا گیا۔پونچھ کا محرم الحرام کا مرکزی جلوس علی جامع مسجد سے برآمد ہوا، جلوس سے پہلے اعمال عاشورا انجام دئے گئے اور نماز ظہرین کے بعد مولانا تصدیق حسین زید پوری نے مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہاشہادت امام حسین ظالم و جابر کے سامنے ڈٹ جانے اور قربانی کا استعارہ ہے۔مجلس عزا کے بعد جلوس عزا روانہ ہو کر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ پونچھ میں پہنچ کر اختتام پزیر ہوا۔ جلوس میں شبیہ علم مبارک اٹھا کر عزاداروں نے نوحہ خوانی کی۔جلوس اور مجالس میں عزاداران امام حسین علیہ السلام نے کوڈ پروٹوکول پر سختی سے عمل در آمد کیا۔ محرم الحرام کے جلوسوں کی سخت نگرانی کی گئی اور جلوسوں کی نگرانی پر درجنوں سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ انجمن تنظیم المومنین منڈی کے زیراہتمام امامیہ پارک منڈی سے جلوس عزا برآمد کیا گیا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ عالیہ قدیم منڈی میں اختتام پذیر ہوا۔ اسے قبل امامیہ پارک منڈی میں اعمال عاشورا بجالائے گئے اور مجلس عزا منعقد کی گئی جہاں پر خطاب کرتے ہوئے بیرون ریاست سے تشریف فرما عالم دین مولانا مہدی زیدی نے کہا کہ جذبہ شبیری مسلمانوں کے ایمان و یقین اور اصول پسندی کو جلا بخشتا ہے۔ تحصیل مینڈھر میں مرکزی جلوس ہرمتہ سے بر آمد ہوا جو مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا مسجد فاتمہ ہرا سلام اللہ علیھا میں اختتام پذیر ہوا۔اسی طرح منڈی تحصیل میں بھی یوم عاشورہ کی مناسبت سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔اس کے علاوہ ضلع کے چھوٹے بڑے علاقوں میں یوم عاشور کے جلوس نکالے گئے جن میں عزاداری اور نوحہ خوانی کی گئی۔جلوسوں کے اختتام کے بعد شام غریباں اور مجالس منعقد کی گئیں جس میں نواسہ رسول ؐکی قربانیوں پر روشنی ڈالی گئی۔