عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ڈسٹرکٹ ڈیو لپمنٹ کمشنر پونچھ اشوک کمار شرما نے اپنے دفتر میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مالی سال 2025-26 کے لئے ڈسٹرکٹ کیپیکس بجٹ اور کونسیئنسی ڈیولپمنٹ فنڈ کے تحت نئے منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔متعلقہ محکموں کے افسران نے جاری منصوبوں کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ کیپیکس بجٹ کے تحت کل 2521 منصوبے تجویز کئے گئے ہیں، جن میں سے 2383 کو ایڈمنسٹریٹو اپروول حاصل ہو چکی ہے اور 170 منصوبے الاٹ کئے جا چکے ہیں۔ یہ کام آبپاشی، سڑکیں و عمارتیں رورل انجینئرنگ ونگ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ جموں پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈاور گراؤنڈ واٹر ڈویژن جموں کے شعبوں میں شامل ہیں۔ڈسٹرکٹ ڈیو لپمنٹ کمشنر نے ہدایت دی کہ تمام منصوبوں کے تخمینے ایک ہفتے کے اندر مکمل کئے جائیں، خاص طور پر آر اے ڈبلیوپونچھ کے ایگزیکٹو انجینئر کو ترجیحی بنیادوں پر اس عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے تمام محکموں کو باقی کاموں کی الاٹمنٹ جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی تاکہ منصوبے بروقت مکمل ہو سکیں۔اجلاس میں 2025-26 کے سی ڈی ایف منصوبوں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کل 244 منصوبے تینوں اسمبلی حلقوں میں تجویز کئے گئے ہیں، جن میں سے 144 منصوبوں کے تخمینے موصول ہو چکے ہیں اور 102 منصوبوں کو ایڈمنسٹریٹو اپروول دی جا چکی ہے۔ ڈی سی نے افسران کو ہدایت دی کہ سی ڈی ایف کے تمام منصوبوں کے تخمینے فوری طور پر مکمل کیے جائیں اور ٹینڈرنگ کا عمل بلا تاخیر شروع کیا جائے۔