حسین محتشم
پونچھ//ایس ایس پی ٹریفک رورل جموں گردھاری لال شرما کی ہدایات پر پونچھ میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اس مہم کا مقصد شہر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانا اور سڑک حادثات میں کمی لانا تھا۔ڈی ایس پی راجوری/پونچھ رینج شو کمار کی نگرانی اور ایس او ٹریفک پولیس محمد معروف کی قیادت میں شہر کے مختلف اہم مقامات پر ناکہ بندی کر کے گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔ اس دوران کئی ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ ضروری دستاویزات نہ رکھنے والے افراد کی دو گاڑیاں ضبط کر لی گئیں۔ اسی کے ساتھ، متعدد ڈرائیوروں کو آن لائن چالان بھی جاری کئے گئے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ٹریفک پولیس نے غلط جگہوں پر گاڑیاں کھڑی کرنے والوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا۔ متعدد گاڑیوں کو کرین کے ذریعے اٹھا کر مقامی پولیس تھانوں میں منتقل کیا گیا تاکہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔حکام نے گاڑی مالکان اور ڈرائیوروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے تمام کاغذات مکمل رکھیں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔ والدین کو بھی خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اپنے نابالغ بچوں کو گاڑی چلانے کی اجازت نہ دیں، کیونکہ یہ ان کی اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ٹریفک پولیس حکام نے واضح کیا کہ اس قسم کی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ پونچھ میں ٹریفک نظام کو مزید بہتر اور محفوظ بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مہم کا مقصد صرف جرمانے عائد کرنا نہیں بلکہ عوام میں ٹریفک قوانین کی اہمیت اجاگر کرنا اور سڑکوں کو سب کے لئے محفوظ بنانا ہے۔