عشرت حسین بٹ
منڈی // ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے سرحدی سیکٹر ساوجیاں میں ایک فوجی اہلکار نے اپنی ہی سروس رائفل سے مبینہ طورپر خود کو گولی مار کر خودکشی کر کے اپنی جان کا خاتمہ کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق ضلع پونچھ کے ساوجیاں سیکٹر میں فوج کی چالیس آرآر سے تعلق رکھنے والے ایک فوجی اہلکار نے اپنی ہی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر خودکشی کر کے اپنی جان کا خاتمہ کیا۔ اس حوالے سے ایس ایچ او منڈی شام لال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اتوارکی صبح منڈی تحصیل کے ساوجیاں سیکٹر میں اوڑی پورہ پوسٹ پر فوج کی چالیس آر آر یونٹ سے تعلق رکھنے والے ایک فوجی جوان نے خود کو گولی مار کرخود کشی کر لی ۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی سربراہی میں پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی جہاں سے انہوں نے فوجی اہلکار کی نعش کو تحویل میں لے کر قانونی لوازمات کے لئے ضلع ہسپتال پونچھ پہنچایا ۔انہوں نے فوجی اہلکار کی شناخت نائک ہری کرشن یادو سکنہ جے پور کے طور پر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میںپولیس تھانہ منڈی میں معاملہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔