محتشم احتشام
پونچھ//محکمہ میونسپلٹی پونچھ نے ’سیوا پرو‘ کے تحت شہر کو صاف ستھرا بنانے کے مقصد سے ایک وسیع صفائی مہم کا آغاز کیا۔ اس مہم کا باقاعدہ آغاز تاریخی پونچھ قلعے کے اطراف و اکناف سے کیا گیا، جہاں میونسپلٹی کے عملے کے ساتھ ساتھ مقامی شہریوں نے بھی رضاکارانہ طور پر بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔مہم کی قیادت میونسپلٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) خلیل احمد بانڈے نے کی۔ ان کی نگرانی میں عملے نے قلعے کے بیرونی حصے اور قریبی عوامی مقامات سے کوڑا کرکٹ، پلاسٹک اور دیگر فضلہ ہٹایا۔ اس موقع پر سی ای او نے شہریوں کو صفائی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور صحت مند ماحول کے لئے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ مہم صرف صفائی تک محدود نہیں بلکہ ایک بیداری پروگرام بھی ہے، تاکہ لوگ اپنے گردونواح کو صاف رکھنے کی عادت ڈالیں۔ شہریوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔میونسپلٹی حکام کے مطابق یہ مہم شہر کے دیگر حصوں میں بھی جاری رہے گی تاکہ پونچھ کو ایک صاف، صحت مند اور خوبصورت شہر میں تبدیل کیا جا سکے۔