پونچھ //سرحدی ضلع پونچھ میں گذشتہ شب ہندوپاک افواج کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کے تبادلے میں ایک عام شہری لقمہ اجل بن گیا ۔ یہ شہری شادی کی ایک تقریب میں شرکت کررہاتھا جس دوران وہ گولی لگنے سے جاںبحق ہوا۔سرحدی علاقے دلہان میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ہند وپاک افواج کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق پونچھ کے سرحدی علاقہ بگیال درہ مالٹی میں ہند وپاک افواج کے درمیان جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات فائرنگ وگولہ باری کا تبادلہ ہواجس کے نتیجہ میں ایک شہری لقمہ اجل بناجس کی شناخت محمد اخلاق ولد محمد صدیق کے طور پر ہوئی ہے ۔مقامی ذرائع نے بتایاکہ مہلوک شہری شادی کی ایک تقریب میں شریک تھاجس دوران علاقہ میں دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا اور مذکورہ شخص گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا۔ ایڈیشنل ایس پی پونچھ انوار الحق نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ علاقہ میں دیر رات گئے شادی کی تقریب جاری تھی کہ اچانک سرحد پر ہند وپاک افواج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا اورفائرنگ بھی کی گئی جس کی وجہ سے محمد اخلاق ولد محمد صدیق ساکن دلہان گولی لگنے کی وجہ سے ہلاک ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ اکثر رات کے وقت سرحد پر ہندو پاک افواج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوتا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں مرحوم کی نعش کوہسپتال منتقل کیاگیاجہاں قانونی لوازمات پور اکرنے کے بعد اسے آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے سپرد کردیاگیا ۔