راجوری+راولپنڈی//اتوار کی صبح کنٹرول لائن پر پونچھ سیکٹر کے دلہان علاقہ میں ہندوستانی اور پاکستانی افواج کے درمیان ہونے والی شدید گولہ باری کی وجہ سے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے ۔ اس دوران پاکستان نے کہا ہے کہ چڑی کوٹ سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 8 سالہ بچہ شدید زخمی ہوگیا۔جموں میں دفاعی ترجمان کے مطابق صبح 8بجے کے قریب کنٹرول لائن پر بھاری فائرنگ شروع ہو گئی جس کی آواز دور دور تک سنی جا رہی تھی۔ پاکستان کی طرف سے فائرنگ کی شروعات کی گئی اور اس دوران پانچ اگلی چوکیوں کو نشانہ بنا کر چھوٹے اور درمیانہ درجہ کے ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، ہندوستانی فوج کی طر ف سے معقول جواب دیا گیا اور آر پار فائرنگ کا یہ سلسلہ قریب ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ادھرپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی فوج نے چڑی کوٹ سیکٹر پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 8 سالہ خیام شدید زخمی ہوا، جسے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا۔واضح رہے کہ 11 اکتوبر کو بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سکھیال سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ سے ایک کاشت کار محمد حنیف شدید زخمی ہوا تھا۔