محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کے مرکزی بس اڈہ کے نالے میں گندگی کے ڈھیر اور وہاں سے اٹھنے والی شدید بدبو نے مسافروں، راہگیروں اور قریبی دکانداروں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ مقامی لوگ اور دکاندار اب وہاں سے گزرنے یا دکانوں پر ٹھہرنے میں دشواری محسوس کر رہے ہیں۔عوام اور دکانداروں کا کہنا ہے کہ میونسپلٹی کے صفائی ملازمین لگاتار شہر کی صفائی کا کام انجام دے رہے ہیں، لیکن کچھ غیر ذمہ دار عناصر کی وجہ سے یہ نالہ کچرے اور فضلہ سے بھر چکا ہے۔سماجی وسیاسی شخصیت ڈاکٹر سکھویندر سنگھ کا کہنا ہے کہ خاص طور پر کچھ چکن شاپ اور دیگر دکاندار اپنے کچرے کو میونسپلٹی کے مخصوص کوڑے دانوں یا گاڑیوں میں ڈالنے کے بجائے نالے میں پھینک دیتے ہیں اس غیر ذمہ دارانہ رویے کے نتیجے میں نہ صرف نالہ مکمل طور پر بند ہو گیا ہے بلکہ جمع شدہ گندگی سے پیدا ہونے والی بدبو پورے بس اڈہ کے ماحول کو آلودہ کر رہی ہے۔ نکاسی آب کا نظام بھی درہم برہم ہو چکا ہے، جس سے علاقے میں مزید مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔مقامی رہائشیوں اور دکانداروں نے محکمہ میونسپلٹی اور ضلع انتظامیہ سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات اور کارروائی کرکے فوری طور پر گندگی پھیلانے والے عناصر کی نشاندہی کریں اور ذمہ داروں کے کو بھاری جرمانہ عائد کیا جائے۔ انہوں نے کہا نالے کی مکمل صفائی کر کے نکاسی آب کا نظام بحال کیا جائے اور مستقل نگرانی کا نظام قائم کیا جائے۔علاقہ مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس مسئلے کو فوری حل نہ کیا گیا تو یہ صحت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے اور وہ مجبوراً احتجاج پر اتر آئیں گے۔میونسپل حکام سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ نہ صرف نالے کی صفائی کروائیں بلکہ مستقبل میں اس قسم کے مسائل سے بچنے کے لیے مستقل اقدامات بھی کریں۔