جموں// کورونا قہر کے بیچ جموں و کشمیر کے پونچھ اور راجوری اضلاع میں جمعرات کے روز بھی ہندوستان اور پاکستان کی افوج کے درمیان لائن آف کنٹرول پر گولہ باری اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا تاہم کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
دفاعی ترجمان کے مطابق ضلع پونچھ کے قصبہ اور کرنی سیکٹروں میں ایل او سی پر جمعرات کے روز پاکستانی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ شروع کی۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں راجوری کے نوشہرہ میں بھی ایل او سی پر پاکستانی فوج نے دن کے قریب بارہ بجے ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنانا شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج پاکستانی فائرنگ کا زور دار جواب دے رہی ہیں۔