محمد بشارت
کوٹرنکہ //راجوری پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کو پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائی پولیس کی جانب سے منشیات کے پھیلاؤ کو روکنے اور نوجوانوں کو اس کے مضر اثرات سے بچانے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔بدھل پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شعیب اختر ولد محمد انور ساکن دراج تحصیل کوٹرنکہ ضلع راجوری کو حراست میں لے لیا۔ ملزم کے خلاف ماضی میں منشیات فروشی سے متعلق متعدد مقدمات درج ہیں اور وہ طویل عرصے سے اس غیر قانونی دھندے میں سرگرم تھا۔پولیس کے مطابق، ملزم کی منشیات سے متعلق سرگرمیوں پر مسلسل نگرانی رکھی جا رہی تھی، جس کے بعد اس کی غیر قانونی حرکات کے پیش نظر قانونی طور پر پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت نظر بندی کے احکامات جاری کئے گئے۔ اس کے بعد سمگلرکو جموں جیل میں منتقل کر دیا گیا۔پولیس حکام نے کہا کہ یہ کارروائی منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا حصہ ہے، جس کا مقصد راجوری ضلع میں منشیات کی ترسیل کو روکنا اور معاشرے، بالخصوص نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھنا ہے۔راجوری پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کے خاتمے کے لئے پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور ایسی کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوراً متعلقہ تھانے کو دیں تاکہ سماج کو اس وبا سے پاک کیا جا سکے۔