اننت ناگ//پولیس کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف اننت ناگ میں سنیچر کو احتجاجی ہڑتال رہی جس دوران تاجروںنے ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کے دفتر کے باہر دھرنا دیا ۔ سنیچر کی صبح ایک مرتبہ پھر نوجوانوں نے ریشی بازار میں احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے پولیس وفورسز پر پتھراﺅ کیا جبکہ جوابی کارروائی کے دوران فورسز نے مشتعل مظاہرین کو تتر بتر کرنے اُن کا تعاقب کیا آنسو گیس کے گولے داغے اور ہوا میں گولیوں کے چند راﺅنڈ بھی چلائے ۔تاہم پولیس حکام کے مطابق قصبہ میں سنیچر کو امن وقانون کی صورتحال پُرامن رہی۔ قصبہ بھر میں مبینہ پولیس زیادتیوں کے خلاف ہر طرح کی دکانیں ،کاروباری ادارے اور تجارتی مرکز بند رہے جسکی وجہ سے قصبہ میں معمول کی سرگرمیاں درہم برہم ہو کر رہ گئیں ۔اس دوران تاجروں نے ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کے دفتر کے باہر دھرنا اور پولیس وانتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی کی ۔مقا می تاجر انجمن کے ترجمان سجاد احمد حکیم نے کہا کہ جمعہ کے روزاحتجاجی مظاہروں کے دوران ریشی بازار میں پولیس نے بقول اُنکے دکانداروں کو عتاب کا شکار بنایا ۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے پتھراﺅ کرنے والوں کا سا را نزلہ دکانداروں پر گرا دیا ۔ان کا کہناتھا کہ پولیس نے دکانوںکے اندر ٹیر گیس کے گولے داغے جبکہ نصب درجن دکانداروں اور کئی گاہکوں کو بھی حراست میں لیکر تھا نہ نظر بند رکھا ۔اس دوران ریشی بازار اور لالچوک اننت ناگ میں اُس وقت صورتحال کشیدہ ہوئی جب یہاں نوجوانوں کی ٹولیاں سڑکوں پر نمودار ہوئیں ،جنہوں نے آزادی حامی نعرہ بازی کی ۔اس دوران پولیس احتجاجی نوجوانوں کو منتشر کرنے کےلئے اُن کا تعاقب کیا ،تاہم اس موقع پر نوجوانوں نے مشتعل ہوکر فورسز پر پتھراﺅ کیا ۔جوابی کارروائی کے دوران پولیس وفورسز نے مشتعل مظاہرین کو تتر بتر کر نے کےلئے آنسو گیس چند گولے بھی داغے جبکہ ہوا میں گولیوں کے چند راﺅنڈ بھی چلائے ۔