عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//پونچھ پولیس نے آن لائن فراڈ سے حاصل کی گئی ناجائز رقم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 8.5 لاکھ روپے مالیت کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔ یہ کارروائی بھارتیہ نگریک سرکشا سنہیتا (BNSS) کی دفعہ 107 کے تحت عمل میں لائی گئی۔پولیس کے مطابق کیس ایف آئی آر نمبر 71/2025زیر دفعات 319(2)/318(4)/336(3)/340(2)/3(5) بی این ایس اور 66(C)/66(D) آئی ٹی ایکٹ کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ایک کار رجسٹریشن نمبر JK02CQ-2851 ملزم نے فراڈ سے حاصل رقم سے خریدی تھی۔ مذکورہ رقم ٹیلیگرام ایپلی کیشن اور ڈریم 11 پلیٹ فارم کے ذریعے چیٹنگ اور جعلسازی کے ذریعے کمائی گئی تھی۔پولیس نے بتایا کہ ملزم کی شناخت ساجد خان ولد محمد صادق ساکن ڈوگریاں سرنکوٹ کے طور پر ہوئی ہے۔ قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ حکام کی ہدایت پر مذکورہ گاڑی کو ضبط کیا گیا ہے تاکہ اس کی فروخت، منتقلی یا کسی تیسرے فریق کو دینے سے روکا جا سکے۔پولیس نے گاڑی پر منسلک نوٹس بھی چسپاں کر دیا ہے جس میں عام عوام کو متنبہ کیا گیا ہے کہ مذکورہ جائیداد کو خریدنے یا اس پر کوئی حق جتانے کی کوشش نہ کی جائے۔پولیس کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ضلع پولیس پونچھ ایس ایس پی کی نگرانی میں غیر قانونی ذرائع سے حاصل جائیدادوں کی نشاندہی، ضبطی اور قانونی کارروائی میں پوری سنجیدگی کے ساتھ مصروف عمل ہے۔