سرینگر//جماعت اسلامی کے ترجمان ایڈوکیٹ زاہد علی نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ سرینگر کے تعلیمی اداروں کے باہر فورسز اہلکاروں کی موجودگی سے وہاں کا تعلیمی ماحول بُری طرح متاثر ہورہا ہے نیز ان اداروں کے اندر جانے والے طلبا وطالبات کی نقل و حرکت میں بھی رکاوٹیں پیدا ہورہی ہیں۔ اس طرح ان اداروں کے اندر تناﺅ کا سا ماحول جان بوجھ کر پیدا کیا جارہا ہے۔24اپریل کو ایس پی کالج، ایس پی ہائر اسکنڈری، زنانہ کالج اور کوٹھی باغ گرلز ہائر اسکنڈری اسکول کے طلبا و طالبات کو ہراساں کرکے ان اداروں کے تعلیمی ماحول کو جس طرح خراب کیا گیا اور بعد میں جب اس بے جا مداخلت پر طلبا و طالبات نے پر امن احتجاج کیا تو فورسز نے طاقت کا بے تحاشا استعمال کرکے پُرامن ماحول کو برباد کیا جس کے نتیجے میں کئی بے گناہ طلبا و طالبات زخمی ہوگئے اور کئی ایک کو پولیس نے پکڑ کر حراست میں لیا۔ جماعت اسلامی نے ‘ فورسز کی ان کارروائیوں کو یہاں کے زیر تعلیم طلبا و طالبات کے تعلیمی کیریر کو برباد کرنے کے مترادف قرار دے کر اس کی مذمت کی ہے اور تمام زیر حراست طلبا اور دیگر نوجوانوں کی غیر مشروط رہائی پر زوریا۔