یواین آئی
جموں// پولیس سربراہ دلباغ سنگھ اور جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹننٹ جنرل سندیپ جین نے جموں کی سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ جنرل آفیسر کمانڈنگ 16کارپس لیفٹیننٹ جنرل سندیپ جین نے پولیس ہیڈ کواٹر جموں میں دلباغ سنگھ کے ساتھ ملاقات کی جس دوران جموں خاص کر سرحدی علاقوں کی سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔انہوں نے کہاکہ اس اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران راجوری میں عام شہریوں کی ہلاکت میں ملوث ملی ٹینٹوں کو جلد ازجلد انجام تک پہنچانے کی خاطر حکمت عملی ترتیب دی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران سرحدی علاقوں میں سیکورٹی گرڈ کو مضبوط کرنے اور ان علاقوں میں وی ڈی سی ممبران کو فعال کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ کے دوران جموں صوبے کے سبھی اضلاع میں پولیس اسٹیشنوں اور فوجی تنصیبات کے ارد گرد سیکورٹی کو مزید چوکس کرنے کا بھی فیصلہ لیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ کے دوران فوج اور پولیس کے سینئر آفیسران نے جموں کے سرحدی علاقوں میں ہیومن انٹیلی جنس کو مضبوط کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ کے دوران غیر معمولی اہمیت کے حامل فیصلے لئے گئے۔